تین طلاق سے متعلق بل کے مسودہ کو مودی کابینہ نے دی منظوری ، پارلیمنٹ میں جلد ہی کیا جائے گا پیش

حکومت نے تین طلاق کو قابل سزا جرم بنانے والے بل کو پاس کرانے میں سبھی پارٹیوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

Dec 15, 2017 01:20 PM IST | Updated on: Dec 15, 2017 03:59 PM IST

نئی دہلی: مرکزی کابینہ نے متنازعہ ’طلاق ثلاثہ‘ پر پابندی لگانے کے بل کو آج منظور ی دے دی۔ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ نے آج اس بل کو منظوری دی ہے جسے پارلیمنٹ کے اجلاس سرما میں پیش کیا جاسکتا ہے۔ سرمائی اجلاس کا آج آغاز ہوچکا ہے۔ یہ اطلاع ذرائع نے دی ہے۔

سپریم کورٹ نے اسی سال اگست میں اپنے ایک فیصلے میں ایک ساتھ تین طلاق دینے کے طریقے کو غیر اسلامی اور غیر آئینی قرار دے کراس پر پابندی لگادی تھی۔عدالت عظمی کا یہ فیصلہ اسلام، ہندوازم، مسیحیت ، سکھ ازم اور مجوسی عقائد سے تعلق رکھنے والے پانچ ججوں کی ایک مجلس نے سنایا تھا۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب ایک سے زائد مسلم خواتین کی طرف سے طلاق ثلاثہ کے خلاف عرضیاں داخل کی گئیں۔ حکومت ہند نے پچھلے مہینے کہا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو عمل میں لانے کے لئے قانون سازی کرے گی کیونکہ عدالتی فیصلے کے بعد بھی اس طرح طلاق دینے کا یہ تکلیف دہ سلسلہ جاری ہے۔ حکومت نے کہا تھا کہ ایک ساتھ تین طلاق دینے سے ویسے بھی مسلم خواتین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

تین طلاق سے متعلق بل کے مسودہ کو مودی کابینہ نے دی منظوری ، پارلیمنٹ میں جلد ہی کیا جائے گا پیش

بل پاس کرانے میں سبھی سیاسی پارٹیوں سے تعاون کی اپیل

ادھر مودی حکومت نے بل کو پاس کرانے میں سبھی پارٹیوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نیتن گڈکری نے آج یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ حکومت مسلم خواتین کو ان کا حق دلانا چاہتی ہے۔یہ سیاست نہیں بلکہ انسانیت ہے اور انسانی حقوق سے منسلک موضوع ہے۔سبھی پارٹیوں کو تین طلاق سے منسلک بل کو پاس کرانے میں تعاون کرنا چاہئے۔

چھوٹے اور درمیانے صنعت کے وزیر گریراج سنگھ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد زبانی طورپر تین طلاق کہہ کر بیوی کو چھوڑ دینا قتل کرنے سے بھی حساس جرم ہے۔اس کےلئے سخت سے سخت سزا ہونی چاہئے۔ تین طلاق سے منسلک بل کو پارلیمنٹ کے رواں سرمائی اجلاس میں پیش کیا جائےگا۔اس میں تین طلاق کو قابل سزا جرم بناتے ہوئے تین سال کی قید کا التزام کیا گیا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز