کھادی دیہی صنعت کے کیلنڈر سے مہاتما گاندھی کی تصویر غائب ، وزیر اعظم مودی کی تصویرنے لی جگہ

Jan 12, 2017 11:25 PM IST | Updated on: Jan 12, 2017 11:25 PM IST

نئی دہلی : کھادی دیہی صنعت کی جانب سے جاری کئے جانے والے سالانہ کیلنڈر اور ڈائریوں پر ہر سال بابائے قوم مہاتما گاندھی کی تصویر شائع ہوتی رہی ہے، لیکن اس مرتبہ کیلنڈر اور ڈائری سے ان کی تصویر غائب ہے اور ان کی جگہ وزیر اعظم مودی کی تصویر نے لے لی ہے۔ کھادی دیہی صنعت کمیشن کے سرکاری ذرائع نے اتوار کو اس بات کی تصدیق کی۔ کمیشن کے زیادہ تر ملازمین اور افسران اس وقت حیران رہ گئے جب کیلنڈر کے کوور پر گاندھی جی کی بجائے وزیر اعظم مودی کی تصویر نظر آئی۔ اس تصویر میں مودی چرخا چلاتے نظر آرہے ہیں۔ اس سے پہلے گاندھی جی کی بھی چرخہ چلانے والی تصویر ہی چھپتی تھی۔

اس سلسلہ میں کمیشن کے چیئرمین ونے کمار سکسینہ کا کہنا ہے کہ یہ حیران ہونے جیسی کوئی بات نہیں ہے اور پہلے بھی ایسا ہوتا رہا ہے۔ سکسینہ نے کہا کہ پوری مکمل کھادی کی صنعت ہی گاندھی جی کے فلسفہ، خیالات اور نظریات پر مبنی ہے۔ وہ کھادی دیہی صنعت کی روح جیسے ہیں، ایسے میں انہیں نظر انداز کئے جانے کا کوئی سوال ہی نہیں اٹھتا۔

کھادی دیہی صنعت کے کیلنڈر سے مہاتما گاندھی کی تصویر غائب ، وزیر اعظم مودی کی تصویرنے لی جگہ

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی بھی طویل عرصے سے کھادی پہنتے ہیں، کھادی میں انہوں نے اپنا اسٹائل تیار کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ہندوستانیوں سمیت غیر ملکیوں کو بھی اس کی طرف متوجہ کیا ہے۔ سکسینہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کھادی کے سب سے بڑے برانڈ امبیسڈر ہیں، ان کے 'میک ان انڈیا وژن کے تحت کھادی دیہی صنعت گاؤں کو خود کفیل بنانے اور اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار دینے کی کوشش میں مصروف ہے۔ کھادی کے لئے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال ہو رہا ہے۔

تاہم کمیشن کے ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ 'حکومت کی جانب سے اس طرح مہاتما گاندھی کے فلسفہ، خیالات اور نظریات کو مسترد کئے جانے پر ہم دکھی ہیں۔ گزشتہ سال ایسی پہلی کوشش کی گئی تھی ، جب کیلنڈر میں وزیر اعظم مودی کی تصویر چھاپی گئی۔ ' 2016 کے کیلنڈر میں وزیر اعظم مودی کی تصویر چھاپے جانے کے مسئلے کو کمیشن کی عملے يونس نے اٹھایا تھا، جس پر مینجمنٹ کی جانب سے مستقبل میں ایسا نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز