جب ہندوستان اور پاکستان کی بات آتی ہے تو کرکٹ صرف اسپورٹ نہیں : مہندر سنگھ دھونی

Nov 26, 2017 09:29 PM IST | Updated on: Nov 26, 2017 09:29 PM IST

سری نگر: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ کھیلنے کی بات آتی ہے تو اسے صرف اسپورٹس کے زاویے سے نہیں دیکھا جاتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کا فیصلہ ایک سفارتی اور سیاسی فیصلہ ہے۔ دھونی نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کنزر میں کھیلے جانے والے چنار کرکٹ پریمئر لیگ 2017 کے فائنل مقابلے کے اختتام پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔مسٹردھونی نے اس فائنل مقابلے میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کرکٹ مقابلے کو دیکھنے کے لئے آنے والے شائقین کا شکریہ ادا کیا۔

نامہ نگاروں کی جانب سے ہند و پاک کے درمیان کرکٹ سیریز کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پر مشہور کرکٹر نے کہا ’کرکٹ کی بات کی جائے تو کافی لوگوں کی رائے ہے کہ یہ ایک اسپورٹس ہے۔ جب انڈیا پاکستان کی بات آتی ہے تو یہ صرف اسپورٹ نہیں ہے۔ یہ اسپورٹس سے کئی بڑھ کر ہے۔ یہ ایک آسان فیصلہ نہیں ہے۔ یہ ایک سفارتی اور سیاسی فیصلہ ہے۔ یہ ایک بڑا فیصلہ ہے۔ ہمیں یہ فیصلہ حکومت پر چھوڑنا چاہیے۔ اگر وہ (اس کے حق میں) فیصلہ لیتے ہیں تو ہم جائیں گے اور کھیلیں گے۔ اگر وہ اس کے حق میں نہیں ہیں تو ہم کوئی اور سیریز کھیلیں گے‘۔

جب ہندوستان اور پاکستان کی بات آتی ہے تو کرکٹ صرف اسپورٹ نہیں : مہندر سنگھ دھونی

انہوں نے اپنے کشمیر دورے کے بارے میں کہا ’کافی وقت کے بعد آیا ہوں۔ اس سے پہلے میں 2012 میں آیا تھا۔ابھی جب میں کرکٹ کا میچ دیکھ رہا تھا تو مجھے اپنے پرانے دن یاد آرہے تھے۔میٹنگ ویکٹ پر ہم بھی کھیلتے تھے۔ جو جوش یہاں کے کھلاڑیوں میں ہیں، وہ دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ جہاں تک جموں وکشمیر کی بات تو اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت کی سب سے خوبصورت جگہوں میں سے ایک ہے۔ یہاں آکر مجھے بہت اچھا لگا ہے۔ میں اپنی فیملی کو ساتھ لاکر یہاں پھر آوں گا‘۔

مہندر سنگھ دھونی نے مقابلے دیکھنے کے لئے آنے والے اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’یہاں آنے والے کرکٹ شائقین کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ جس طرح کی محبت کا مظاہرہ انہوں نے میرے لئے کیا، میں اس کے لئے ان کا شکریہ بولنا چاہوں گا۔ میں ان کی توقعات پر کھرا اترنے کی کوشش کروں گا‘۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز