این ڈی اے صدارتی امیدوار کووند کا دورہ کشمیر، حکمران جماعتوں کے ممبران اسمبلی و پارلیمنٹ سے کی ملاقات

Jun 28, 2017 07:41 PM IST | Updated on: Jun 28, 2017 07:41 PM IST

سری نگر: مرکز میں برسراقتدار قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند نے بدھ کے روز وادی کشمیر کا دورہ کرکے اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی رہائش گاہ پر مخلوط حکومت کی دونوں اکائیوں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبران اسمبلی و پارلیمنٹ سے ملاقات کی۔ بی جے پی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسٹر کووند جو کہ بہار کے سابق گورنر ہیں، مرکزی وزراء وینکیا نائیڈو و ڈاکٹر جتیندرسنگھ اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو کے ہمراہ بدھ کو دوپہر کے وقت دارالحکومت سری نگر پہنچے۔

انہوں نے بتایا کہ مسٹر کووندپہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق براہ راست گپکار روڑ پر واقع محترمہ مفتی کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں انہوں نے 17 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتظامات کے سلسلے میں ممبران اسمبلی و پارلیمنٹ سے اپنے حق میں تائید مانگی۔ اس دوران مسٹر نائیڈو نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’این ڈی اے کے صدارتی امیدوار کے ہمراہ سری نگر جانے میں خوشی محسوس ہوتی ہے۔ وہاں ہم پی ڈی پی کے ممبران پارلیمنٹ و اسمبلی سے حمایت مانگیں گے‘۔

این ڈی اے صدارتی امیدوار کووند کا دورہ کشمیر، حکمران جماعتوں کے ممبران اسمبلی و پارلیمنٹ سے کی ملاقات

file photo

ایک اور ٹویٹ میں وزیر موصوف نے محترمہ مفتی کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی تقریب کی دو تصویریں جن میں بی جے پی اور پی ڈی پی کے ممبران پارلیمنٹ و اسمبلی کو دیکھا جاسکتا ہے، پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’ہم جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی رہائش گاہ پر ممبران پارلیمنٹ و اسمبلی کے درمیان موجود ہیں‘۔ محبوبہ مفتی کی رہائش گاہ پر ممبران اسمبلی و پارلیمنٹ سے ملاقات کے بعد مسٹر نائیدو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ملاقات ثمر آور رہی۔ انہوں نے کہا کہ شرکائے تقریب نے صدارتی امیدوار کو حمایت کا یقین دلایا ہے۔

مسٹر نائیڈو نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن تقسیم جبکہ این ڈی اے کی تمام اکائیاں متحد ہیں۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کی حکومت کو 58 ممبران اسمبلی اور سات ممبران پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہے۔ ان میں بی جے پی اور پی ڈی پی کے علاوہ سجاد غنی لون کی قیادت والی پیپلز کانفرنس کے دو ممبران اسمبلی بھی شامل ہیں۔ این ڈی اے کے صدارتی امیدوار نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں پہلے ہی اترپردیش اور اتراکھنڈ کے ممبران اسمبلی و پارلیمنٹ سے ملاقات کی ہے۔ مسٹر کووند کے مدمقابل سابق اسپیکر اور کانگریس لیڈر میرا کمار ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز