میرٹھ کی الامتی تنظیم کی جانب سے پانچ روپے میں ایک وقت کا کھانا

Sep 12, 2017 08:22 PM IST | Updated on: Sep 12, 2017 08:22 PM IST

میرٹھ ۔  دو ماہ قبل میرٹھ میں کیئر اینڈ شیئرنام کی سماجی تنظیم نےغریب اورضرورت مند طبقے کے لئے پانچ روپے میں ایک پلیٹ کھانا فراہم کرانے کی شروعات کی تھی ۔ اس تحریک کو آگے بڑھاتے ہوئے اب میرٹھ کی دوسری سماجی تنظیمیں بھی انفرادی طور پر غریب اور ضرورتمند لوگوں تک ایک وقت کا کھانا پہنچانے کے لئے خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ ایسی ہی ایک مہم کی شروعات میرٹھ کی الامتی تنظیم کی جانب سے کی گئی ہے ۔ بلا مذہب و فرقہ کی تفریق کے یہ تنظیم پانچ روپے میں ضرورتمندوں کو ایک وقت کی خوراک مہیا کرا رہی ہے ۔

غریب ضرورتمند اور کم آمدنی والے طبقے کے لئے پانچ روپے میں ایک وقت کی خوراک کا انتظام کرکے میرٹھ کی الامتی سماجی تنظیم نے ضرورتمندوں کی مدد کی ایک چھوٹی سی کوشش سے بڑی سوچ کو حقیقت میں تبدیل کرنے کی شروعات کی ہے ۔ ’ سب کی رسوئی‘ کے نام سے شروع ہوئی اس مہم کے ذریعہ ایک وقت کی سستی خوراک حاصل کرکے سماج کا ضرورتمند طبقہ نہ صرف خوشی کا اظہار کر رہا ہے بلکہ  مہنگائی کے اس دور میں اس طرح کے انتظامات پر حیرانی کا بھی اظہار کر رہا ہے ۔ وہیں الامتی نام کی اس سماجی مہم  سے وابستہ رضاکار مانتے ہیں کہ کم آمدنی والے مزدور پیشہ طبقے کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس مہم کی شروعات کی گئی ہے، جس میں سماج کے ہر طبقے کا تعاون حاصل ہو رہا ہے ۔ پانچ روپے میں ضرورتمندوں کو کھانا دستیاب کرانے والی الامتی تنظیم کی اس کوششوں کی شہر کے اعلیٰ افسران نے بھی ستائش کی ہے۔ سرکاری افسران نے اس مہم سے وابستہ افراد کی  نہ صرف  حوصلہ افزائی کی بلکہ خود کھانا کھانے کے بعد کھانے کی تعریف کی ۔  تنظیم سے وابستہ رضاکاروں کے مطابق  سب کی رسوئی کی شروعات  ایک چھوٹا سا قدم  ہے جس کو آنے والے دنوں میں اور بڑے پیمانے پر انجام دینے کا ارادہ ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورتمندوں کی خوراک کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے ۔

میرٹھ کی الامتی تنظیم کی جانب سے پانچ روپے میں ایک وقت کا کھانا

خوراک حاصل کرنا نہ صرف انسان کا بنیادی حق ہے بلکہ انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت بھی  ہے۔  ہزاروں ایسے افراد کے لئے اس طرح  کی کوششیں کم ازکم ایک وقت کی خوراک حاصل کرنے کا ذریعہ ثابت ہو سکتی ہیں، جنکے لئے  دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی مشکل ہوتا ہے۔

ری کمنڈیڈ اسٹوریز