جموں و کشمری : اوڑی سیکٹر میں پاکستان کا بیٹ حملہ ناکام ، سیکورٹی فورسیزنے 2 دہشت گردوں کو مار گرایا

Nov 05, 2017 03:45 PM IST | Updated on: Nov 05, 2017 03:45 PM IST

سری نگر: سیکورٹی فورسز نے اتوار کے روز شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اوڑی سیکٹر میں پاکستان کے بارڈر ایکشن ٹیم (بیٹ) حملے کو ناکام بنانے کے دوران دو جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس مبینہ بیٹ حملے کا مقصد جنگجوؤں کو سرحد کے اس پار دھکیلنا تھا۔ ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا ’فوج اور جموں وکشمیر پولیس نے بیٹ کاروائی کو ناکام بنایا ہے۔

دولنجا اوڑی میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ ہمارا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ایک ممکنہ سانحہ کو ٹال دیا گیا‘۔تاہم فوج کا کہنا ہے کہ اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

جموں و کشمری : اوڑی سیکٹر میں پاکستان کا بیٹ حملہ ناکام ، سیکورٹی فورسیزنے 2 دہشت گردوں کو مار گرایا

علامتی تصویر

وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو بتایا ’اوڑی سیکٹر میں ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے اتوار کی علی الصبح جنگجوؤں کے ایک گروپ کو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرحد کے اس پار داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا‘۔انہوں نے بتایا ’جب دراندازوں کے گروپ کو للکارتے ہوئے خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے کہا گیا تو انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے ہمارے فورسز پر فائرنگ شروع کی‘۔

کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ اس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم شروع ہوگیا جس میں تاحال دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔انہوں نے بتایا ’آخری اطلاعات ملنے تک اوڑی سیکٹر میں جنگجو مخالف آپریشن جاری تھا۔ جنگجوؤں کا آبادی والے علاقوں میں داخلہ روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک وہاں روانہ کی گئی ہے‘۔اس سے قبل فوج نے 3 نومبر کو ضلع کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور اس میں ایک جنگجو کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز