تمام تر سفارتی کوششوں کے بعدآخر کار کلبھوشن جادھو کی کل ہوگی اپنی بیوی اور ماں سے ملاقات

Dec 24, 2017 05:56 PM IST | Updated on: Dec 24, 2017 05:56 PM IST

نئی دہلی: سفارتی کوششوں اور کئی سطح پر ہونے والی بات چیت کے بعد آخر کار پاکستان میں پھانسی کی سزپانے والے ہندستانی بحریہ کے سابق افسر کلبھوشن جادھو سے ان کی بیوی اور ماں کی ملاقات کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں اور وہ پیر 25دسمبر کو ان سے ملاقات کریں گی۔ جادھو کی ماں اور بیوی کی ویزا کی درخواست کو پاکستان نے منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسلام آباد میں ہندستانی ہائی کمیشن کے ایک سفارتکار کے ان کے ساتھ رہنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے ٹوئٹ کیا کہ ہندستان نے مطلع کیا ہے کہ جادھو کی بیوی اور ماں پیر کو طیارہ سے پاکستان پہنچیں گی اور اسی دن واپس چلی جائیں گی۔ اسلام آباد میں ہندستانی ڈپٹی ہائی کمشنر ان کے ساتھ رہیں گے۔ اس سے پہلے 21دسمبر کو وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بتایا تھا کہ جادھو کنبہ کی ملاقات پر دونوں ممالک کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔

تمام تر سفارتی کوششوں کے بعدآخر کار کلبھوشن جادھو کی کل ہوگی اپنی بیوی اور ماں سے ملاقات

خیال رہے کہ پاکستان کی فوجی عدالت نے اسی برس اپریل میں جادھوکو جاسوسی اور دہشت گردی کے الزام میں پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ ہندستان اس کی مخالفت کرتے ہوئے بین الاقوامی عدالت (آئی سی جے) پہنچا تھا جہاں اس کی پھانسی کی سزا پر روک لگا دی گئی تھی۔ ہندستان نے کہا کہ جادھو کا ایران سے اس وقت اغوا کرلیا گیاتھا جب وہ ہندستانی بحریہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے کاروبار کے سلسلہ میں وہاں گئے تھے لہذا ان کے جاسوس ہونے کا کوئی سوال ہی نہیں اٹھتا، جیسا کہ پاکستان کا الزام ہے۔

دوسری طرف پاکستان کا کہنا ہے کہ اس کے سیکورٹی دستوں نے مارچ 2016میں بلوچستان صوبہ سے جادھو عرف حسین مبارک پٹیل کو غیرقانونی طریقہ سے پاکستان میں داخل ہونے اور جاسوسی کے ساتھ ہی تخریبی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز