گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ، ایوان کی کارروائی دو بار ملتوی

Aug 01, 2017 03:33 PM IST | Updated on: Aug 01, 2017 03:33 PM IST

نئی دہلی۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین نےسبسڈی والے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت فی ماہ چار روپئے بڑھانے کے سلسلےمیں آج راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ کیا جس کے سبب وقفہ سوالات سے قبل ایوان کی کارروائی دو بار ملتوی کرنی پڑی۔ ایوان کی کارروائی شروع ہونے اور ضروری دستاویز پیش کئے جانے کے بعد ترنمول کانگریس کے ڈیرک او برائن نے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت فی ماہ چار روپئے بڑھانے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت اس پر سبسڈی ختم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پیٹرولیم پیداوار کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جبکہ یہاں اس کی قیمت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ حکومت کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ بعد میں اراکین کے ایوان کے وسط میں آ کر نعرے بازی کرنے پر ایوان کی کارروائی ساڑھے 11 بجے کے پہلے 10 منٹ کیلئے اور اس کے بعد 11 بج کر 45 منٹ پر 12 بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

اس سے قبل مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے لیڈر سیتا رام یچوری نے کہا کہ حکومت نے پہلے لوگوں سے گیس سبسڈی چھوڑنے کی اپیل کی تھی اور اسی کے مطابق تین کروڑ لوگوں نے سبسڈی چھوڑ بھی دی جس کا فائدہ غریبوں کو دیا گیا۔ اب حکومت گیس سلنڈر کی قیمت فی ماہ چار روپئے بڑھا کر اس کا بوجھ غریبوں پر ڈالنا چاہتی ہے۔ انہوں نے اس کی سخت مذمت کی۔ کانگریس کے پرمود تیواری نے کہا کہ ایوان کی میٹنگ چل رہی ہے اور حکومت نے ایوان کے باہر گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کا اعلان کیا ہے جو غریبوں کے ساتھ دھوکہ ہے۔ سماج وادی پارٹی کے نریش اگروال نے کہا یہ منافع کمانے والی حکومت ہے۔

گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ، ایوان کی کارروائی دو بار ملتوی

فائل فوٹو

اس کے بعد کانگریس، ایس پی اور کچھ دیگر پارٹیوں کے اراکین ایوان کے وسط میں آکر نعرے بازی کرنے لگے۔ وہ ’ایل پی جی سبسڈی میں کمی واپس لو، غریبوں کے ساتھ دھوکہ بند کرو اور غریبوں کو لوٹنا بند کرو‘ کے نعرے لگانے لگے۔ ڈپٹی چیئرمین پی جے کوریئن نے اراکین سے وقفہ صفر کی کارروائی چلنے دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وقفہ صفر کیلئے 13 اراکین نے اپنا نام پیش کیا ہے جو اہم معاملوں پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ شورو غل کے دوران ہی وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ مودی حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود کے تئیں پرعزم ہے۔ اجولا اسکیم کے تحت دو کروڑ غریبوں کو گیس کنکشن دیا گیا ہے۔ یہ کنکشن اترپردیش، بہار، چھتیس گڑھ، اڑیسہ اور بہت سی دوسرے ریاستوں میں دیئے گئے ہیں۔ اپوزیشن ارکان کے شوروغل جاری رہنے پر ایوان کی کارروائی 11.45 بجے 15 منٹ کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز