نئی دہلی : حکومت نے آج کہا کہ پٹرول پمپوں پر صارفین کے لئے کسی اضافی خرچ کے بغیر کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ سے ادائیگی کی سہولت 13 جنوری کے بعد بھی جاری رہے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ کارڈ سے لین دین پر ایم ڈی آر کا بوجھ کون اٹھائےگا ، اس سلسلہ میں بینکوں اور تیل کمپنیوں کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔
واضح رہے کہ کل پٹرول پمپوں نے دھمکی دے دی تھی کہ وہ 13 جنوری کے بعد کارڈ سے ادائیگی بند کر دیں گے ، کیوں کہ بینک ان سے کارڈ مشین سے ادائیگی پر ایک فیصد ایم ڈی آر فیس مانگ رہے ہیں۔ حکومت نے لاکھوں صارفین کے لئے بحران کی صورت حال کو ٹالنے کے ایک دن بعد یہ بیان دیا ہے۔

وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے یہاں وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ ایم ڈی آر ریزرو بینک کی ہدایت کے مطابق ہی نافذ کیا جائے گا۔ مگر اس کا بوجھ کس پر پڑے، اس سلسلہ میں تیل مارکیٹنگ کمپنیاں اور بینکوں کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کل ہی یقین دہانی کراچکے تھے کہ چونکہ پٹرول پمپ مالک کمیشن ایجنٹ کے طور پر کام کرتے ہیں، اس لئے ہم ان پر کارڈ کی ادائیگی کا بوجھ نہیں ڈالیں گے۔