نریندر مودی نے سیاسی پارٹیوں سے بدعنوان لیڈروں کے خلاف کارروائی کی اپیل کی

Jul 17, 2017 11:20 AM IST | Updated on: Jul 17, 2017 11:20 AM IST

نئی دہلی۔  وزیر اعظم نریندر مودی نے بدعنوان لیڈروں کے خلاف کارروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام سیاسی پارٹیوں سے ایسے لیڈروں کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی جو اپنے خلاف ہو رہی قانونی کارروائی کو سیاسی سازش بتا کر بچنا چاہتے ہیں۔ مسٹر مودی نے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل حکومت کی جانب سے طلب کردہ کُل جماعتی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں سیاسی لیڈروں کی ساکھ ہمارے درمیان کے ہی کچھ لیڈروں کے برتاؤ کی وجہ سے کٹگھرے میں ہے۔ ہمیں عوام کو یہ یقین دلانا ہی ہوگا کہ ہر لیڈر داغی نہیں، ہر لیڈر پیسے کے پیچھے نہیں بھاگتا۔ اس لئے عوامی زندگی میں صاف صفائی کے ساتھ ہی بدعنوان لیڈروں پر کارروائی بھی ضروری ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ لیڈر اپنے خلاف چل رہی قانونی کارروائی کو سیاسی سازش قرار دے کر بچنے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں۔ ایسے لیڈروں کے خلاف تمام پارٹیوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔

مسٹر مودی کا اشارہ بالواسطہ طور پر ترنمول کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل کے لیڈروں کی جانب تھا جن کے خلاف حال ہی میں سرکاری ایجنسیوں نے بدعنوانی کے الزامات میں کارروائی کی اور ان پارٹیوں نے اسے سیاسی سازش اور بدلے کے جذبہ سے کی جا رہی کارروائی کہا ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں سے بدعنوانی میں ملوث اپنے لیڈروں کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ’ہر سیاسی پارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے درمیان موجود ایسے لیڈروں کو پہچانے اور انہیں اپنی پارٹی کے سیاسی سفر سے الگ کردے۔ جن لوگوں نے ملک کو لوٹا ہے، ان کے ساتھ کھڑے رہ کر ملک کو کچھ حاصل نہیں ہوگا‘۔

نریندر مودی نے سیاسی پارٹیوں سے بدعنوان لیڈروں کے خلاف کارروائی کی اپیل کی

وزیر اعظم مودی: فائل فوٹو

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز