سابق صدر پرنب مکھرجی کے دل کو چھوگیا وزیر اعظم مودی کا مکتوب

Aug 03, 2017 04:20 PM IST | Updated on: Aug 03, 2017 04:20 PM IST

نئی دہلی۔ سابق صدرجمہوریہ ہند پرنب مکھرجی نے اپنے عہدہ صدارت کے آخری دن  وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے موصول ہونے والے مکتوب کے حوالہ سے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے موصول ہونے والے اس مکتوب نے ان کے دل کو چھوا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ 24جولائی کو تحریر کردہ خط میں کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں بطورصدر آپ کے بے پایاں تعاون کے تئیں اپنے عمیق جذبہ ستائش اورتشکر کا اظہار کئے بغیرنہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی سادگی ، اعلیٰ اصولوں اورمثالی قیادت سے آپ نے ہم سب کی رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین برس قبل ، میں ایک اجنبی کے طور پرنئی دہلی میں وارد ہوا تھا۔ مجھے جوکام درپیش تھا ،وہ اپنی نوعیت کے لحاظ سے بہت وسیع اورچنوتیوں سے بھرا ہوا تھا۔ ایسے وقت میں آپ ہمیشہ ہمارے لئے ایک بزرگ اوررہنماکی حیثیت کے حامل رہے ہیں۔ آپ کی دانشمندی ، رہنمائی اورذاتی گرمجوشی نے مجھے بڑا اعتماد اورقوت بخشی۔

وزیر اعظم نے مزید لکھا کہ آپ اپنے علم ودانش کے لئے معروف ہیں۔ مختلف موضوعات ، جو پالیسی سے سیاست تک ، معیشتوں سے خارجی امورتک اور سلامتی سے وابستہ امور سے لے کر قومی اورعالمی اہمیت کے حامل موضوعات کا احاطہ کرتے ہیں، کے تئیں ،میں ہمیشہ سے آپ کی دوربینی کا قائل رہا ہوں۔ آپ کی ذہنی قوت نے ہمیشہ میری حکومت اور میری ذاتی اعانت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ میرے تئیں اس قدرگرم جوش، مشفق اور کرم فرما رہے ہیں۔ طویل میٹنگوں پرمشتمل دن گذارنے یا کسی دورے کے بعد آپ کی جانب سے موصول ہونے والی ایک کال ’’میں امید کرتا ہوں کہ اپنی صحت کے تئیں خبردارہوں گے ‘‘مجھے نئی توانائی سے سرشارکردینے کے لئے کافی ہوا کرتی تھی۔ پرنب دا،ہمارے سیاسی سفرمختلف سیاسی پارٹیوں کے توسط سے طے ہوئے ہیں۔ ہمارے نظریات کبھی کبھی مختلف بھی رہے ہیں۔ ہمارے تجربات بھی منفرد رہے ہیں۔ انتظامی امورکا میرا تجربہ، میری ریاست کا تھا جب کہ آپ نے ہماری عملی سیاست اور کئی دہائیوں کی سیاسی کیفیات ملاحظہ کی ہیں۔پھر بھی آپ کی دانشوری اور ادراک میں وہ قوت ہے جس کی بنیاد پر ہم باہم تال میل بناکر کام کرسکے۔

سابق صدر پرنب مکھرجی کے دل کو چھوگیا وزیر اعظم مودی کا مکتوب

سابق صدر پرنب مکھرجی: فائل فوٹو

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آپ کے سیاسی سفراورآپ کے عہدہ صدارت کے دوران ، آپ نے قوم کی عافیت کو ہمیشہ ہرچیز پرترجیح دی۔ آپ نے راشٹرپتی بھون کا دروازہ ان پہل قدمیوں اور پروگراموں کے لئے کھول دیا ،جن کے ذریعہ بھارت کے نوجوانوں کی اختراعی قوت اورصلاحیتوں کو تسلیم کیا گیا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آپ کا تعلق رہنماؤں کی اس پیڑھی سے ہے، جن کے لئے سیاست صرف اس چیز کا نام تھی کہ ہم بے نفس ہوکر اپنی جانب سے معاشرے کو کیا دے سکتے ہیں۔ آپ ہندوستان کے عوام کے لئے ترغیب کا عظیم مخرج ہیں۔ بھارت کو ہمیشہ آپ پرایک ایسے صدرکے طورپر فخررہے گا جو ایک منکسرالمزاج عوامی خدمت گاراور ایک غیرمعمولی رہنماتھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کی وراثت ہماری رہنمائی کرتی رہے گی۔ ہم آپ کے سب کو ساتھ لے کرچلنے کے جمہوری نظریئے سے، جسے آپ نے اپنی طویل اور ممتاز عوامی زندگی کے عرصے میں اپنائے رکھا تھا، قوت حاصل کرتے رہیں گے۔ اب آپ جب اپنی زندگی کے ایک نئے دورمیں داخل ہورہے ہیں ، میں آپ کی آئندہ کوششوں کے لئے اپنی جانب سے نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔ میں ایک مرتبہ پھر آپ کی جانب سے ملنے والی اعانت ، حوصلہ افزائی ، رہنمائی اور ترغیب کے لئے آپ کا شکریہ اداکرتا ہوں۔ چند روز قبل پارلیمنٹ میں دیئے گئے الوداعیہ میں آپ نے میرے لئے جن مشفقانہ کلمات کا اظہار کیا تھا، میں، اس کے لئے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز