علی گڑھ : سابق نائب صدر حامد انصاری کی اہلیہ کے مدرسہ میں بڑی سازش ناکام ، واٹر کولر میں ملایا زہر

Sep 17, 2017 06:55 PM IST | Updated on: Sep 17, 2017 06:55 PM IST

علی گڑھ : اترپردیش کے علی گڑھ شہر میں واقع سابق نائب صدر حامد انصاری کی اہلیہ سلمی انصاری کے مدرسہ چاچا نہرو میں سماج دشمن عناصر نے ایک بڑی سازش رچنے کی کوشش کی ، تاہم وہ پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ اس معاملہ میں سول لائنس تھانہ میں رپورٹ درج کرادی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اتوار کو دو نامعلوم افراد نے کسی بڑی سازش کو انجام دینے کیلئے مدرسہ کے واٹر کولر میں زہریلا مادہ ملا دیا۔ جب ایک طالب عالم نے دونوں بدمعاشوں کو یہ زہریلا مادہ ملاتے ہوئے دیکھ لیا ، تو انہوں نے طمنچہ دکھاتے ہوئے طالب علم کو خاموش رہنے کی وارننگ دی۔

علی گڑھ : سابق نائب صدر حامد انصاری کی اہلیہ کے مدرسہ میں بڑی سازش ناکام ، واٹر کولر میں ملایا زہر

مدرسہ کے پی آر او راشد علی نے کوتوالی سول لائنس میں دو نامعلوم افراد کے خلاف شکایت درج کرائی ، جس کی بنیاد پر کیس درج کرکے پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔ مدرسہ کے وارڈن جنید صدیقی نے بتایا کہ دربھنگہ کے رہنے والے ہفتم کا طالب علم فیضان پانی پینے کیلئے نیچے واٹر کولرکے پاس گیا ، یہ واٹر کولر مین گیٹ کےپاس کونے میں ہی رکھا ہوا ہے ، یہاں اسے نوجوان نظر آیا۔ ایک واٹر کولر میں کوئی پاوڈر ڈال رہا تھا۔ افضل کو دیکھتے ہی دوسرے نے شورمچانے پر گولی مارنے کی دھمکی دھی۔

اس کے بعد دونوں بدمعاش دیوار کودکر فرار ہوگئے ۔ ہڑبڑاہٹ میں کچھ زہریلا مادہ اور اس کی تھیلی باہر کی گر گئی ۔ دوسری جانب افضل نے ان کی دھمکی کی پروا نہ کرتے ہوئے فوری طور پر مدرسہ کے وارڈن کو اس کی اطلاع دی۔ آنا فانا میں وہ واٹر کولر کے پاس پہنچ گئے اور پولیس کو اس کی اطلاع دی ۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جانچ میں مصروف ہوگئی ۔

خیال رہے کہ علی گڑھ شہر کے سول لائنس علاقہ میں بھمولا پھاٹک کے نزدیک بنگالی کوٹھی میں واقع چاچا نہرو مدرسہ کو سلمی انصاری کی النور چیریٹیل سوسائٹی چلاتی ہے۔ اس مدرسہ میں دو شفٹ میں نرسری سے نویں تک کے تقریبا 3600 طلبہ و طالبات پڑھتے ہیں ۔ ان میں باہری اضلاع کے 11 بچے ہوسٹل میں رہتے ہیں اور کسی بھی بچے سے کوئی فیس نہیں لی جاتی ہے۔ انتہائی غریب بچوں کو کتابیں بھی مفت میں مہیا کرائی جاتی ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز