بھیڑ کے ذریعہ قتل پر پرنب مکھرجی کا اظہار تشویش ، کہا : سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت

Jul 02, 2017 09:50 AM IST | Updated on: Jul 02, 2017 10:46 AM IST

نئی دہلی : صدر پرنب مکھرجی نے ملک کے مختلف حصوں میں بھیڑ کے ذریعہ لوگوں کا پیٹ پیٹ کر قتل کئے جانے کے بڑھتے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے آج کہاکہ اس معاملے میں سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ مسٹر مکھرجی نے آزادی کی 70 ویں سالگرہ پر شائع انگریزی روزنامہ ’نیشنل ہیرالڈ‘ کے ایک یادگار ایڈیشن کا اجرا کرتے ہوئے یہاں کہاکہ جب بھیڑ کے ذریعہ لوگوں کو پیٹ پیٹ کر قتل کئے جانے واقعات میں اتنا زیادہ اضافہ ہوگیا ہے اور یہ بے قابو ہو گیا ہے تو ایسی صورت میں ہمیں چوکنا ہو کر اس بات پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا کہ کیا ہم واقعی چوکس ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ’جب ہم دیکھتے ہیں کہ کسی کی پیٹ پیٹ کر جان لی جا رہی ہے تو ہمیں اس ملک کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ انہوں نے سوال کا کہ کیا ہم ملک کے بنیادی اصولوں کے تحفظ کیلئے واقعی چوکس ہیں۔ صدر نے کہاکہ ’میرا خیال ہے کہ شہری، دانشور، اور میڈیا ملک کو اندھیرا اور دقیانوسی کی جانب لے جانے والی طاقتوں کے خلاف کام کرسکتے ہیں۔

بھیڑ کے ذریعہ قتل پر پرنب مکھرجی کا اظہار تشویش ، کہا : سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں میں گو رکشا کے نام پر اور کچھ دیگر واقعات میں کچھ لوگوں کا پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا ہے۔ نیشنل ہیرالڈ کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ اخبار آزادی کی لڑائی میں ملک کی آواز رہا ہے۔ پروگرام میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، کانگریس صدر سونیا گاندھی اور خزانچی موتی لال بورا سمیت کئی دیگر معروف شخصیات موجود تھیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز