پرنب مکھرجی17؍اکتوبر کو سرسید دو صد سالہ یومِ پیدائش تقریب میں یادگاری خطبہ پیش کریں گے

Oct 16, 2017 02:36 PM IST | Updated on: Oct 16, 2017 02:36 PM IST

علی گڑھ ۔ سابق صدر جمہوریۂ ہند جناب پرنب مکھرجی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)میں17 ؍اکتوبر 2017 کو صبح11.00بجے ایتھلیٹکس میدان پر منعقد ہونے والی سرسید دو صد سالہ یومِ پیدائش تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے یادگاری خطبہ پیش کریں گے۔ اس موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور استقبالیہ خطبہ پیش کریں گے۔تقریب کا آغاز صبح6.00بجے یونیورسٹی کی جامع مسجد میں قرآن خوانی کے انعقاد سے ہوگا جس کے بعد وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ اور افسران کے ساتھ روایتِ پارینہ کے مطابق سرسید کے مزار پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔

دو صد سالہ تقریب کے دوران وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور اور آگرہ کی پوسٹ ماسٹر جنرل محترمہ منیشا سنہا (آئی پی ایس ) حکومتِ ہند کے محکمۂ ڈاک کی جانب سے سرسید پر ڈاک ٹکٹ اور فرسٹ ڈے کَوَر جاری کریں گی جس میں علی گڑھ کے سینئر پوسٹ ماسٹر مسٹرجے ایس دیسوال بھی موجود رہیں گے۔وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور صبح8.30بجے سرسید ہاؤس میں مولانا آزاد لائبریری اور سرسید اکیڈمی کے مشترکہ تعاون سے سرسید کی حیات و خدمات پر مبنی کتب اور تصویروں کی نمائش کا افتتاح کریں گے۔

پرنب مکھرجی17؍اکتوبر کو سرسید دو صد سالہ یومِ پیدائش تقریب میں یادگاری خطبہ پیش کریں گے

سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی: فائل فوٹو۔

ایتھلیٹکس میدان پر منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں سرسید انٹر نیشنل ایوارڈ ممتازقلم کار اور دانشور پروفیسر ڈیوڈ لیلی ویلڈ اور سرسید قومی ایوارڈ جسٹس ایم ایس اے صدیقی کو دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کل ہند مضمون نویسی مقابلہ میں اول، دوئم اور سوئم مقام حاصل کرنے والوں کو بھی انعامات سے سرفراز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کے سبھی ہالوں میں منعقد ہونے والے عشائیہ( سرسید ڈنر) پروگراموں میں اہم شخصیات مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز