بی جے پی لیڈروں کی سونیا گاندھی سے ملاقات آج ، صدارتی انتخابات پر صورتحال واضح ہونے کی توقع

Jun 16, 2017 10:12 AM IST | Updated on: Jun 16, 2017 10:12 AM IST

نئی دہلی: پندرہویں صدارتی انتخابات کے لیے حکومت اور اپوزیشن پارٹی کے درمیان آج ہونے والی بات چیت کے بعد متفقہ امیدوار اتارنے کے سلسلے میں صورتحال واضح ہونے کی امید ہے۔ صدارتی امیدوار کے نام پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے قائم وزراء کی کمیٹی کل کانگریس صدر سونیا گاندھی اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے سکریٹری جنرل سیتا رام یچوری سے بات چیت کرے گی۔ سب کی نظر اس بات پر ہو گی کہ اس اہم میٹنگ میں حکومت کی جانب سے کسی امیدوار کےنام کی تجویز کی جاتی ہے یا نہیں۔ حکومت کی جانب سے کچھ اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کیا جا چکا ہے ،لیکن ابھی تک امیدوار کی حیثیت سے کوئی نام سامنے نہیں آیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اہم اپوزیشن پارٹیاں صدارتی الیکشن کے لئے متحد ہو چکی ہیں اور واضح کر چکی ہیں کہ حکومت کی جانب سے کوئی نام سامنے آنے پر وہ اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دیں گے۔ اس انتخاب کے لیے قائم اپوزیشن جماعتوں کی کمیٹی کی کل ایک ملاقات ہوئی تھی جس میں بات چیت کے بعد کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے پتے کھولے جانے کے بعد اگر ضروری هوا تو اپوزیشن پارٹیاں اپنا امیدوار اتارنے کا فیصلہ کریں گی اور اس کا نام طے کرنے کے لیے کمیٹی کی پھر ملاقات کرے گی۔

بی جے پی لیڈروں کی سونیا گاندھی سے ملاقات آج ، صدارتی انتخابات پر صورتحال واضح ہونے کی توقع

صدارتی انتخابات پرحکمراں قومی جمہوری محاذ (این ڈي اے)متحد ہے۔ صرف شیوسینا کی جانب سے کچھ مختلف بیان آ رہا ہے۔وہ اس عہدےکےلیے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کو امیدوار بنانے کی بات ایک سے زائد بار کہہ چکی ہے۔ صدارتی انتخابات کے لیے شیوسینا کی حمایت کو یقینی بنانے کے لئے بی جے پی صدر امت شاہ شیوسینا کے سربراہ سے اگلے ایک دو دنوں میں ملاقات کر سکتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش بھلے ہی شر وع کردی گئی ہے لیکن صدارتی عہدے کے لیے اب تک ہونے والے 14 انتخابات میں سے صرف ایک بار بلامقابلہ الیکشن ہوا ہے، جب مسٹر نیلم سنجیو ریڈی 1977 میں بلامقابلہ صدر منتخب گئے تھے۔ صدارتی انتخابات کا نوٹیفکیشن کل جاری ہونے کے ساتھ ہی کاغذات نامزدگی بھرنے کا کام شروع ہو گیا ہے جو 28 جون تک چلے گا۔ اتفاق رائے نہیں بننے کی صورت میں 17 جولائی کوتخابات ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 20 جولائی کو ہوگی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز