صدارتی انتخاب میں رام ناتھ كووند اور میرا کمار کے درمیان راست مقابلہ، دیگر سبھی کے کاغذات نامزدگی غیر مجاز قرار

Jun 29, 2017 11:47 PM IST | Updated on: Jun 29, 2017 11:47 PM IST

نئی دہلی: صدارتی انتخابات میں حکمراں قومی جمہوری اتحاد کے امیدوار رام ناتھ كووند اور اپوزیشن کی امیدوار میرا کمار کے درمیان براہ راست مقابلہ ہوگا۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کی ریلیز کے مطابق اس انتخاب کے لئے داخل کئے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ میں آج صرف مسٹر كووند اور محترمہ کمار کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے۔ دونوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی کے چار چار سیٹ داخل کئے تھے اور یہ تمام درست پائے گئے۔

ان کے علاوہ بہت سے دوسرے افراد نے بھی پرچے داخل کئے تھے لیکن جانچ میں انہیں ناکافی پایا گیا، جس کی وجہ سے انہیں غیر مجاز مانا گیا۔ مسٹر كووند نے 23 جون کو کاغذات نامزدگی کے تین سیٹ بھرے تھے اور چوتھا سیٹ ان کی طرف سے 28 جون کو داخل کیا گیا۔ محترمہ کمار نے چاروں سیٹ کاغذات نامزدگی بھرنے کے آخری 28 جون کو داخل کئے تھے۔

صدارتی انتخاب میں رام ناتھ كووند اور میرا کمار کے درمیان راست مقابلہ، دیگر سبھی کے کاغذات نامزدگی غیر مجاز قرار

مسٹر كووند کو این ڈی اے کے 33 جماعتوں کے علاوہ جنتا دل (یو)، تلنگانہ راشٹر سمیتی، بیجو جنتا دل اور اناڈی ایم کے کے دونوں دھڑوں کی حمایت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ انہیں انڈین نیشنل لوک دل کی حمایت ملنے کا بھی امکان ہے۔ دوسری طرف محترمہ کمار کو اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس، ترنمول کانگریس، بہوجن سماج پارٹي، سماج وادی پارٹی، ڈی ایم کےاور لیفٹ پارٹیوں سمیت 17 اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ اس طرح ووٹوں کی نظر سے مسٹر كووند کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے۔ صدر کے لئے انتخابات 17 جولائی کو ہونا ہے اور ووٹوں کی گنتی 20 جولائی کو ہوگی۔ موجودہ صدر پرنب مکھرجی کی مدت 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز