مرکز میں بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد مسلمانوں کے ساتھ زیادتی میں اضافہ: پروفیسرعبدالغفور

Jul 06, 2017 04:26 PM IST | Updated on: Jul 06, 2017 04:26 PM IST

نئی دہلی۔  راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر اورحکومت بہارکے اقلیتی امور کے وزیر پروفیسر عبدالغفور نے الزام لگایا کہ جب سے مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت آئی ہے اس وقت سے مسلمانوں کے ساتھ من مانی اور زیاتیاں عام ہوگئی ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ صورت حال یہ ہوگئی ہے کہ اب بھیڑ کے ذریعہ اور گئؤرکشا کے نام پر بے قصور لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کی مہم شروع ہوگئی ہے اور اس طرح ما ورائے عدالت قتل کے رواج کو فروغ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے ٹرین میں ہونے والے حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مسلمان اب ٹرین میں سفر کرنے سے ڈرنے لگے ہیں کہ نہ کب اور کس اسٹیشن پر ان کے ساتھ زدوکوب کیا جائے گا۔

ڈاکٹرغفور نے ملک کی موجودہ صورت حال، گائے اور دیگر کے نام پر دلتوں، مسلمانوں، سکھوں یہاں تک ہندوؤں کے ساتھ بھیڑ کے بڑھتے حملے کے تناظر میں دعوی کیا کہ یہ صورت حال ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جا رہی ہے اور تمام طبقوں کومذہب اور ذات پات سے بالاتر ہوکر اس کے حل کے لئے آگے آنا ہوگا اور اس کے لئے ملک کی سیکولر پارٹیوں کو پہل کرنی ہوگی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ زیادتی کی ایک وجہ ان کی سیکولر پارٹی سے وابستگی بھی ہے اور سیکولر پارٹیاں ان کو ان مصائب سے نکالنے کے لئے کچھ نہیں کر پا رہی ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس کے برعکس بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے لوگ بے حیائی کے ساتھ نفرت پھیلانے میں لگے ہوئے ہیں۔

مرکز میں بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد مسلمانوں کے ساتھ زیادتی میں اضافہ: پروفیسرعبدالغفور

اقلیتی امور کے وزیر نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک میں ایسی صورت حال کبھی بھی نہیں تھی جو اس وقت ہے اور ایسی حالت میں سیکولر جماعتوں کو چاہئے کہ آپس میں مل بیٹھ کر اس طرح کے حالات سے ملک کو نکالنے کے لئے حکمت عملی تیار کریں۔ انہوں نے ہندوؤں مسلمانوں کو خوشگوار تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ گنگا جمنی تہذیب ہندوستان کی شناخت ہے اور اس طرح کے حالات سے سب سے زیادہ اسی تہذیب کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں کیوں کہ اس سے ان کا بہت بڑا نقصان ہوگا اور فرفہ پرستوں کو اپنے مقاصد کو حاصل کرنے میں اس سے مدد ملے گی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز