ڈی ایس پی ایوب پنڈت کے قاتلوں نے کشمیر کو بدنام کردیا ہے: پروفیسر سوز

Jun 24, 2017 04:57 PM IST | Updated on: Jun 24, 2017 04:57 PM IST

سری نگر۔  کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے ڈپٹی ایس پی محمد ایوب پنڈت کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملوث قاتلوں نے ایک ہولناک کاروائی کا ارتکاب کرکے پورے کشمیر کو بدنام کردیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملوث قاتلوں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔ پروفیسر سوز نے ہفتہ کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہا ’میں پولیس افسر محمد ایوب پنڈت کو جامع مسجد کے قریب پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کی بہیمانہ اور وحشت ناک حرکت کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ کشمیر کے لوگوں کو اس وحشت ناک مجرمانہ کاروائی کی مذمت ہی نہیں کرنی چاہیے بلکہ اس کا بڑی دیرتک ماتم کرنے کے ساتھ ساتھ یہ سوچنا چاہیے کہ ان قاتلوں نے اسلام سے وابستہ ہونے کے باوجود ایک مقدس رات میں ایسی ہولناک کاروائی کا ارتکاب کر کے پورے کشمیر کو غمزدہ اور بدنام کیا ہے۔ یہ کاروائی محض دو یا تین لوگوں نے عمل میں نہیں لائی ہے بلکہ اس قتل میں زیادہ تعداد میں لوگ ملوث ہوں گے۔ ان سب کو بہت جلد قانون کے سامنے لاکر ایسی سزا ملنی چاہیے تاکہ ملک کی سر حدوں میں اس کاروائی کا اثر ونفوذ محسوس کیا جائے‘۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو پیٹ پیٹ کر جاں بحق کرنا کشمیر کی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا ’مجھے کشمیر کی تاریخ کا کچھ علم ہے اور ہماری پوری تاریخ میں خصوصاً مغلوں، افغان ، سکھوں اور ڈوگروں کے تحت غلامی کے 360 سالوں میں اس قسم کی وحشت ناک موت کا ذکر کہیں نظر نہیں آتا ۔ اس وحشت ناک قتل سے انسان لرزہ براندام ہوتا ہے کیونکہ جس کو قتل کیا گیا وہ دوسری محلے کا ہی رہنے والا تھا‘۔ پروفیسر سوز نے اپنے بیان میں کہا ’کشمیریوں کو اس موقع پر اس مذموم حرکت کو آگے کے لئے سوچنے کی تحریک سمجھنا چاہیے اور ایسا ماحول پیدا کرنا چاہیے تاکہ انتہاء پسندی اور وحشت ناک بہیمیت کے لئے کسی کو کوئی موقع میسر نہ آسکے‘۔ انہوں نے کہا ’میرا خیال ہے میرواعظ عمر فاروق کے اس افسوسناک واقعہ کی مذمت کرنے سے حکومت کو اس مجرمانہ کاروائی میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے سزا دینے کے عمل میں مدد مل سکتی ہے ۔ پس حکومت کو کوئی وقت ضائع کئے بغیر تحقیقات شروع کر کے مجرموں کو سزا دینی چاہیے‘ ۔

ڈی ایس پی ایوب پنڈت کے قاتلوں نے کشمیر کو بدنام کردیا ہے: پروفیسر سوز

ڈپٹی ایس پی محمد ایوب پنڈت

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز