جموں وکشمیر : بڈگام اور بانہال کے درمیان ریل خدمات دوسرے دن بھی معطل

Jul 31, 2017 03:30 PM IST | Updated on: Jul 31, 2017 03:30 PM IST

سری نگر: وسطی کشمیر کے بڈگام اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات پیر کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہیں۔ یہ خدمات اتوار کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ٹہاب میں ایک مسلح تصادم کے دوران دو جنگجوؤں کی ہلاکت کے تناظر میں تشدد بھڑک اٹھنے کے خدشے کے پیش نظر معطل کی گئی تھیں۔

ریلوے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہم نے بڈگام اور بانہال کے درمیان ریلوے خدمات کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر آج بھی معطل رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریل خدمات کی معطلی کا اقدام پولیس اور سول انتظامیہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری پر عمل کے طور پر لیا گیا ہے۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد ریل خدمات کو بحال کردیا جائے گا۔

جموں وکشمیر : بڈگام اور بانہال کے درمیان ریل خدمات دوسرے دن بھی معطل

file photo

خیال رہے کہ ضلع پلوامہ کے ٹہاب میں اتوار کو جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے ایک مسلح تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ۔ جنگجوؤں کی ہلاکت کے بعد علاقہ میں احتجاجی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے مابین شدید جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں کم از کم ایک درجن افراد زخمی ہوگئے تھے۔ جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف ضلع کے بیشتر حصوں میں پیر کے روز مکمل ہڑتال کی گئی۔

وادی میں رواں ماہ کے دوران ریل خدمات کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر پانچ دفعہ معطل کیا گیا۔ جون کے مہینے میں ریل خدمات کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر کم از کم چار مرتبہ معطل کیا گیا تھا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ماضی میں تشدد کے واقعات کے دوران وادی میں ریلوے املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز