سرجیکل اسٹرائک دوبارہ نہیں ہوگا، اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتے: راج ناتھ سنگھ

Feb 03, 2017 04:18 PM IST | Updated on: Feb 04, 2017 09:43 AM IST

نئی دہلی۔ مودی حکومت میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتا ہے کہ پاک مقبوضہ علاقے میں دوبارہ سرجیکل اسٹرائک نہیں ہو گا۔ نیٹ ورک 18 کے ایڈیٹر ان چیف راہل جوشی کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں راج ناتھ نے پاکستان کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم پڑوسی ملک کے ساتھ امن چاہتے ہیں، لیکن اس کے لئے ہم اپنی سرحد اور فوج کی حفاظت کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ آپ یہ مکمل انٹرویو جمعہ کی رات 10 بجے سی این این۔ نیوز 18 اور ای ٹی وی کے تمام ہندی چینلز پر دیکھ سکتے ہیں۔

راج ناتھ نے کہا، 'پاکستان ہمارا پڑوسی ہے۔ اگر سرجیکل اسٹرائک کا اچھا اثر ہوتا ہے تو ہم دوبارہ ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے۔ لیکن اگر دہشت گرد تنظیم یا پھر کوئی اور ہمارے ملک کو نشانہ بناتا ہے تو ہم دوبارہ سرجیکل اسٹرائک نہ ہونے کی ضمانت نہیں دے سکتے ہیں۔

سرجیکل اسٹرائک دوبارہ نہیں ہوگا، اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتے: راج ناتھ سنگھ

حافظ سعید کے خلاف ایکشن لے پاکستان

سرجیکل اسٹرائک کے بعد راج ناتھ سنگھ نے پہلی بار کسی میڈیا کو انٹرویو دیا ہے۔ ایسے میں راج ناتھ کے اس بیان کے کئی اہم معانی ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں ممبئی حملوں کے اہم سازشی اور دہشت گرد تنظیم جماعت الدعوی کے سربراہ حافظ سعید کی نظر بندی پاکستان کے لئے آنکھ کھولنے جیسا ہے۔ اگر واقعی حکومت پاکستان دہشت گردوں کے خلاف ایکشن لینے کے تئیں سنجیدہ ہے تو سعید پر کارروائی کی جانی چاہئے اور اسے جیل بھیجنا چاہئے۔ انہوں نے کہا، 'مجھے پختہ یقین ہے کہ ہم لوگ اس (حافظ سعید) کو ہندوستان واپس لانے میں کامیاب ہوں گے۔ اس میں کچھ وقت ضرور لگ سکتا ہے۔

'چین ہمارا ضرور ساتھ دے گا

حافظ سعید پر چین کے رویے پر راج ناتھ نے کہا کہ چین ہماری اس مسئلے پر حمایت نہیں کرے گا۔ اس کی وجہ اس کی اندرونی پالیسی ہو سکتی ہے۔ لیکن مجھے امید ہے کہ مستقبل میں ایک دن ضرور وہ (چین) ہمارا ساتھ دے گا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سات مسلم ملکوں کے باشندوں پر پابندی کے فیصلے پر راج ناتھ نے کوئی تبصرہ کرنے سے صاف انکار کر دیا۔ انہوں نے بس اتنا ہی کہا کہ ٹرمپ نے اتنا بڑا فیصلہ 'داخلی دہشت گردانہ صورت حال' کو لے کر ہی لیا ہوگا۔

'میں سی ایم کی دوڑ میں نہیں

اتر پردیش اسمبلی انتخابات پر راج ناتھ نے کہا وہاں بی جے پی ضرور جیتے گی۔ اب بی ایس پی اور ایس پی کانگریس اتحاد میں سے ایک طے کرے کہ کون بی جے پی حکومت کے اپوزیشن میں ہوگا۔ یوپی میں خود کو وزیر اعلی کے عہدے کی دوڑ میں شامل کرنے کے سوال پر راج ناتھ نے کہا، 'میں ابھی وزیر داخلہ ہوں۔ ایسے میں اگر کسی اور کو وزیر اعلی عہدہ نہیں دیا جائے تو اس کے ساتھ نا انصافی ہوگی۔ یوپی انتخابات میں کسی کو وزیر اعلی کے عہدے کا چہرہ اعلان نہ کرنے پر بی جے پی کو نقصان نہیں ہو گا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز