راجناتھ سنگھ کشمیر کے 4 روزہ دورے پر، محبوبہ مفتی سے علیحدہ ملاقات اور وزیراعظم پیکیج کا لیا جائزہ

Sep 09, 2017 09:15 PM IST | Updated on: Sep 09, 2017 09:15 PM IST

سری نگر۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ہفتہ کو یہاں ریاست کے چار روزہ دورے پر آئے ۔ سری نگر پہنچنے کے فوراً بعد مسٹر سنگھ نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ علیحدہ میٹنگ کی ۔ سرکاری ترجمان کے مطابق میٹنگ کے دوران دونوں رہنماؤں نے ریاست کی  صورتحال ، اتحاد کے ایجنڈا اور ریاست میں وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کی عمل آوری پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے ریاست میں سماج کے تمام طبقوں جنہیں ایجنڈا آف الائنس میں باقاعدہ طور تسلیم کیا گیا ہے ، تک پہنچنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کی ضروریات و مسائل کی اتحادی ایجنڈا میں نشاندہی کی گئی ہے اور اس کی عمل آوری میں سرعت لانے کی از حد ضرورت ہے ۔ دونوں نے اتحادی ایجنڈا کی بروقت تکمیل کی ضرورت کو تسلیم کیا جس میں ریاست کو درپیش مسائل کے حل کے لئے واضح نقشہ راہ فراہم کیا گیا ہے ۔

محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کے تحت مختلف پروجیکٹوں کیلئے رقومات کی باقاعدہ اور بروقت واگذاری کی بھی درخواست کی ۔ محترمہ مفتی سے ملاقات کے بعد مرکزی وزیر داخلہ نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ راجناتھ سنگھ نے ریاست اور مرکزی حکومت کے افسران کو وزیر اعظم ترقیاتی پروگرام کی بروقت عمل آوری کے لئے آپس میں قریبی تال میل قایم کرنے کے لئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی پی کی عمل آوری سے ریاست میں ترقیاتی اور بنیادی ڈھانچہ میں انقلابی تبدیلی واقع ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ریاست کے لئے اب تک کا سب سے بڑا مالی پیکج ہے ۔ انہوں نے افسران کو معینہ مدت کے اندر ہی پروجیکٹوں کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی تا کہ لوگ ان پروجیکٹوں سے استفادہ کر سکیں ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ان پروجیکٹوں کی عمل آوری کے لئے ریاستی حکومت کے حق میں رقومات کی بروقت اور باقاعدہ واگذاری طلب کی ۔ انہوں نے کہا کہ کام کاج کے مختصر سیزن اور سخت سردی کے باعث رقومات کی واگذاری میں سرعت لانے کی اشد ضرورت ہے ۔

راجناتھ سنگھ کشمیر کے 4 روزہ دورے پر، محبوبہ مفتی سے علیحدہ ملاقات اور وزیراعظم پیکیج کا لیا جائزہ

مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سری نگر میں جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ اور دیگر افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں۔

نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ چیف سیکرٹری بی بی ویاس اور مرکزی وزیر داخلہ کے او ایس ڈی امریندرا کمار سینگر نے میٹنگ کو 80 ہزار کروڑ روپے کے وزیر اعظم ترقیاتی پروجیکٹ کے تحت ہاتھ میں لئے گئے مختلف زمروں کے پروجیکٹوں کے بارے میں تفصیل دی ۔ میٹنگ کو بتایا گیا کہ 15 مرکزی وزارتوں کے ذریعے پی ایم ڈی پی کے تحت 63 پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ہیں جن کی عمل آوری کے لئے 39 تعمیری ایجنسیوں کو متعین کیا گیا ہے ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ ان پروجیکٹوں میں سے قریبا 80 فیصد پروجیکٹوں کو باقاعدہ منظوری حاصل ہوئی ہے ۔

میٹنگ میں بتایا گیا کہ پیکج کے تحت مختص کی گئی رقم میں سے 21988 کروڑ روپے اب تک واگذار کئے گئے ہیں اور 5 پروجیکٹ پہلے ہی پروگرام کے تحت مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 7 پروجیکٹ تکمیل کے قریب ہیں ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ زیر تعمیر پروجیکٹوں میں سے 22 سڑک پروجیکٹ شامل ہیں جن میں سری نگر اور جموں کے لئے نیم دائرہ سڑک پروجیکٹ ، کرگل ۔ زانسکار سڑک ، اودھم پور ۔رام بن اور قومی شاہراہ کے رام بن ۔بانہال کی سڑک کے حصے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں ۔ میٹنگ میں مطلع کیا گیا کہ جموں میں آئی آئی ایم نے عارضی اکامت میں کام شروع کیا ہے جبکہ نار کرہ بڈگام میں بھی ادارے کے کیمپس میں کام شروع ہوا ہے ۔ اسی طرح آئی آئی ٹی جموں نے بھی جموں میں کام شروع کیا ہے اور ان دونوں اداروں کیلئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا ہے جبکہ اے ایم آر یو ٹی کے تحت 59 پروجیکٹوں میں سے 56 پروجیکٹوں کے مفصل پروجیکٹ رپورٹ منظور کئے گئے ہیں جن میں 27 پروجیکٹوں پر کام شروع ہو چکا ہے ۔ حمایت پروگرام کے تحت ریاست میں آنے والے پانچ برسوں کے اندر ایک لاکھ نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن کیلئے روز گار کی فراہمی کیلئے تجارتی اداروں کے ساتھ رابطہ قایم کیا گیا ہے اور 10 ضلع صدر مقامات پر انڈور سٹیڈیم تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔

عمل آوری کے لئے اٹھائے جا رہے 11 پروجیکٹوں میں چند اہم پروجیکٹ بشمول 5100 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے جموں ۔ اکھنور ۔ پونچھ سڑک پروجیکٹ ،1800 کروڑ روپے کا سرینگر ۔ شوپیاں ۔ قاضی گنڈ سڑک پروجیکٹ اور مختلف سیاحتی منازل کیلئے 2700 کروڑ روپے کی مالیت کا 105 کلو میٹر طویل سڑک پروجیکٹ شامل ہیں ۔ مرکزی سیکرٹری داخلہ گوبے ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ بی آر شرما اور ریاستی انتظامیہ کے انتظامی سیکرٹری میٹنگ میں موجود تھے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز