مسلمان حالات سے مایوس ہونے کے بجائے شریعت پر عمل کرنے کا عزم کریں: علما

مولانا نسیم الحق قاسمی پرنسپل علی پبلک اسکول ناگلوئی نے کہا کہ مسلمان حکومتی عصبیت کا رونا رونے کے بجائے اپنے اندر اعتما د پیدا کریں، تعلیم پر توجہ دیں اور ہر میدان میں آگے بڑھنے کی فکر کریں۔

Mar 27, 2017 07:50 PM IST | Updated on: Mar 27, 2017 07:50 PM IST

نئی دہلی۔’’  نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی اخلاق حسنہ کی تعلیمات پر مشتمل ہے ،آپ نے اپنے دوست اور دشمن دونوں کے ساتھ اخلاق کا اعلی نمونہ پیش کیا ،اسی لئے قرآن میں کہاگیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اخلاق کے اعلی مراتب پر فائز تھے،لیکن افسوس کی بات ہے کہ آج مسلمانوں میں سب سے زیادہ اخلاقی انحطاط پایاجاتا ہے اور کردار وعمل کے اعتبارسے یہ قوم سب سے زیادہ بدنام ہے‘‘ ۔ ان خیالات کا اظہار ناگلوئی میں واقع مدرسہ دارالعلوم احسن القرآن کے زیراہتمام منعقد ہونے والے جلسہ سیرت البنی میں مولانا محمد مرتضی قاسمی استاذ حدیث مدرسہ رحیمیہ مہندیان نے کیا۔ مولانا نسیم الحق قاسمی پرنسپل علی پبلک اسکول ناگلوئی نے کہا کہ مسلمان حکومتی عصبیت کا رونا رونے کے بجائے اپنے اندر اعتما د پیدا کریں، سماجی برائیوں کو دور کریں ،تعلیم پر توجہ دیں اور ہر میدان میں آگے بڑھنے کی فکر کریں۔

مسلمان حالات سے مایوس ہونے کے بجائے شریعت پر عمل کرنے کا عزم کریں: علما

،انہوں نے کہا کہ اس وقت جو کچھ ہورہا ہے اس کے لئے ہم اور ہمارے اعمال ذمہ دارہیں کیوں کہ ہمیں جن چیزوں کا حکم دیا گیا ہے ہم اس کی کھلے عام روگردانی کررہے ہیں۔ ڈاکٹر شہا ب الدین ثاقب قاسمی جنرل سیکریٹری خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا نے کہا کہ تعلیمی پسماندگی کی وجہ سے مسلمان ہر محاذ پر ناکام ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ جس مذہب میں تعلیم کے حصول کو فرض قرار دیا گیا ہو اس مذہب کے ماننے والوں میں بھیک مانگنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری طرف تعلیم و تحقیق کے میدان میں جدوجہد کرتے ہوئے مٹھی بھر یہودی پوری دنیا پر حکومت کر رہے ہیں اور آج میڈیا کے نوے فیصد حصے پر یہودیوں کاقبضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اور سرپرست اپنے بچے اور بچیوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے میں ہر طرح کی قربانیاں پیش کریں تبھی آپ اپنے معاشرہ میں نمایاں تبدیلی حاصل کرسکتے ہیں۔

مولانا ڈاکٹر سعید الدین قاسمی رکن مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند نے کہاکہ بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا ضروری ہے اور ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ سب سے پہلے مسلم بچوں کو اسلامی اور مذہبی تعلیم دی جائے ،ان کے ذہن ودماغ پر اسلامی آثار ونقوش ثبت کئے جائیں۔ جلسہ میں مختلف اہم دینی وسماجی شخصیات نے شرکت کی جن میں ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب ، قاری اسعد انور ڈائریکٹر علی پبلک اسکول ،نسیم اختر قاسمی ،قاری عبد السمیع وغیر ہ سرفہرست ہیں۔ مغرب تا دس بجے شب دارالعلوم احسن القرآن کے طلبہ نے اپنا خوبصورت پروگرام پیش کیا ،اس کے علاوہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو خصوصی اور عمومی انعامات سے نوازاگیا۔ جلسہ کی صدارت مولانا شہاب عالم قاسمی ممبر حج کمیٹی آف دہلی نے کی جبکہ نظامت مفتی شمس تبریز قاسمی نے کی۔اخیر میں احسن القرآن کے مہتمم قاری اصغر علی نے تمام مہمانان کرام اور شرکاء کا شکریہ اداکیا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز