اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول میں جشن جمہوریت کا انعقاد، طلباء وطالبات نے پیش کئے رنگا رنگ پروگرام

Jan 25, 2017 07:37 PM IST | Updated on: Jan 25, 2017 07:37 PM IST

نئی دہلی۔ جنوب مشرقی دہلی کی مایہ ناز دانش گاہ اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول میں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے بچوں کے تعلیمی و ثقافتی پروگرام اور ’’جمہوریت، وطن اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں اسکول کے طلباء و طالبات اور ان کے سرپرستوں کے علاوہ دہلی کے متعدد دانشوران اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔ سب سے پہلے اسکول کے بچوں نے مختلف قسم کے رنگارنگ اور دلکش ثقافتی و تعلیمی پروگرام پیش کئے۔ پروگرام کا آغاز نویں کلاس کی طالبہ مبشرہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کا اردو اور انگریزی ترجمہ بالترتیب یاسمین آرہ اور روبی خاتون نے پیش کیا۔اس کے بعد دوسری کلاس کے ایک طالب علم نے حدیث پیش کی۔ بعد ازاں، حبیبہ کلاس ششم، ثناء کلاس پنجم، رانی کلاس ہشتم نے مختلف عناوین پر ہندی، اردو اور انگریزی زبانوں میں تقریریں پیش کیں۔ نورصباء اینڈ گروپ نے ننھے منھے راہی ایکشن کے ساتھ پیش کیا۔ طالبات کے ایک گروپ نے انتہائی مترنم آواز میں ترانۂ ہندی پیش کیا۔علیشہ پروین نے اپنے رفقاء کے ہمراہ’’قومی گیت‘‘ پیش کیا اور اخیر میں نشاء نے اپنی سہیلیوں کے ہمراہ اسکول کا ترانہ پیش کیا جسے سامعین نے حد درجہ پسند کیا اور بچوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا۔

سامعین سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کے ڈائرکٹر مولانا محمد اظہربن اصغر علی مدنی نے کہا کہ جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ سوسائٹی کے تحت چلنے والے درجن بھر تعلیمی و تربیتی اداروں کا بنیادی مقصد ملک بھر میں کم خرچ پر معیاری تعلیم و تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ ملک بھر میں تعلیمی گراوٹ کا تدارک کیا جاسکے اور خواندگی کی سطح کو بلند کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا یہ مشن ہے کہ ہم اپنے تمام تعلیمی اداروں میں بلا تفریق مسلک و مشرب و مذہب ملک کے تمام ضرورت مند لوگوں کی نئی نسل کو تعلیم و تربیت کے زیور سے آراستہ کریں۔ الحمدللہ ہمارے تعلیمی اداروں میں ہر طبقات کے بچوں کا استقبال کیا جاتا ہے اور انہیں ایسی تعلیم و تربیت دی جاتی ہے جس سے وہ ایک باعزت تعلیم یافتہ انسان ہونے کے ساتھ ایک اچھا شہری اور اپنے وطن پر جان نچھاور کرنے والا محب وطن بن سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا یہ تعلیمی مشن الحمد للہ روز بروز آگے بڑھ رہا ہے اور ملک بھر میں  درجن بھر تعلیمی و تربیتی ادارے معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، خاص طور پر غریب بچوں کو مفت تعلیمی سہولت فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔

اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول میں جشن جمہوریت کا انعقاد، طلباء وطالبات نے پیش کئے رنگا رنگ پروگرام

اسکول کے کوآرڈینیٹر مولانا محمد رئیس فیضی نے یوم جمہوریہ کی تقریب کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہماری حب الوطنی کا مظاہرہ ہوتا ہے۔ لہذا، اس طرح کی تقریبات کا جس قدر ہوسکے اہتمام ہونا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس لئے اس اسکول کے قیام کے بعد ہی سے ہر سال یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کی تقریبات نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منائی جاتی ہیں اور بچوں کو یوم جمہوریہ کی مناسبت سے رنگ برنگ پروگرام پیش کرنے کے لئے تیار کیا جاتا ہے۔

پروگرام میں شریک جنتادل یو کے لیڈر شیامل کشور سنگھ نے کہا کہ یہ میرے لئے نہایت خوشی کا موقع ہے کہ ہم آج پہلی مرتبہ اسکول کے اس شاندار پروگرام میں شریک ہوئے ہیں۔بچوں کی صلاحیت اور ان کے تعلیمی مظاہرے نے تمام ناظرین کے ساتھ مجھے بھی بہت متاثر کیا ہے۔ ان سارے طلباء و طالبات کے اندر بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ اگر اسے اسی طرح پروان چڑھایا جاتا رہا تو یقینا یہ بچے ایک دن اپنے ملک و سماج اور اپنے گارجینس کا نام روشن کریں گے۔  پروگرام میں جن معزز شخصیات نے شرکت کی ان میں انجینئر قمرالزماں، محمد قیصر صاحب، محمد فضل الرحمن ندوی، سعید الرحمن بن نورالعین سنابلی،ارشد امام، محمد محفوظ سنابلی، معروف سماجی کارکن محمد عمران وغیرہ کے نام اہم اور قابل ذکر ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز