دہشت گرد ی کے خلاف مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام 19مارچ کو سیمینار

Mar 17, 2017 06:11 PM IST | Updated on: Mar 17, 2017 06:11 PM IST

نئی دہلی : داعش و دہشت گردی کی بیخ کنی میں قومی یکجہتی کا کردار کے اہم عنوان پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام ایک آل انڈیا اہل حدیث سیمینار 19مارچ کو یہاں منعقد کیا جارہا ہے۔جس میں ملک وملت اور جماعت کے معتبر و مقتدر علماء کرام، دانشوران عظام ، دھرم گرواور اہم شخصیات اظہار خیال فرمائیں گی۔

مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے بتایا کہ یہ سیمینار یہاں اہل حدیث کمپلیکس ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر، نئی دہلی میں سہ پہر تین بجے سے رات دس بجے شب تک جاری رہے گا۔انہوں نے موضوع کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ملک امن و شانتی ، قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اخوت و خیر سگالی کے بغیر ترقی کے مدارج طے نہیں کرسکتا ۔

دہشت گرد ی کے خلاف مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام 19مارچ کو سیمینار

فائل فوٹو

ناظم عمومی نے مزید کہا کہ آج وطن عزیز ہندوستان میں بعض ناعاقبت اندیش عناصر اور فسطائی طاقتوں کی غیر ذمہ دارانہ حرکتوں کی وجہ سے پر امن بقائے باہم، روایتی قومی یکجہتی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، کثرت میں وحدت ، گنگا جمنی تہذیب ، رنگانگ و بوقلموں ثقافت اور قومی سلامتی کو خطرہ درپیش ہے ۔ اس پر مستزاد یہ کہ داعش ودہشت گردی ایک کھلا چیلنج بن کر ملک وملت کے سامنے کھڑا ہے، جس کے سد باب اور روک تھام کے لیے ملک کا سنجیدہ طبقہ اور امن پسند عوام و خواص کافی فکر مند ہیں اور ملک کی حفاظت اور امن وشانتی کی بقا و استحکام کے لیے اپنی بساط بھر کوششیں بھی صرف کر رہے ہیں ۔

مولانا سلفی نے مزید کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند جو کہ روز اول سے ہی قومی یکجہتی ، خیر سگالی ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و شانتی کی اہمیت و ضرورت کے پیش نظر اس کی داعی ومناد رہی ہے کہ داعش و دہشت گردی کا تعاقب قومی یکجہتی کے ذریعہ ہی ممکن ہے ، نے اس سلسلے میں متعدد مبارک کوششیں کی ہیں جن کے الحمد للہ قومی و ملی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے مجوزہ سیمینار میں لوگوں سے بڑی تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز