رمضان کے مقدس موقع پر 70 سالہ قدیم جواہر ہوٹل دوبارہ کھل گیا

رمضان سے قبل ہندوستان کے مسلم علاقوں میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ قدیم دہلی کے شاہجہانی جامع مسجد علاقے کی بات کریں تو یہاں سب سے خاص بات یہ دیکھنے کو ملی کہ جواہر ہوٹل کو ایک سال کے بعد رمضان کی آمد پردوبارہ شروع کیا گیاہے۔

May 17, 2018 10:17 PM IST | Updated on: May 17, 2018 10:17 PM IST

نئی دہلی: اسلامی سال کے اعتبار سے سب سے پاک اور مقدس ماہ رمضان کا آغاز ہوچکا ہے۔ رمضان سے قبل ملک وبیرون ملک میں خاص طرح سے تیاریاں کی جاتی ہیں۔ ہندوستان کے مسلم علاقوں میں بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور بازاروں میں رونق کا ماحول ہے۔

قدیم دہلی کے شاہجہانی جامع مسجد علاقے کی بات کریں تو یہاں سب سے خاص بات یہ دیکھنے کو ملی کہ جواہر ہوٹل ایک سال کے بعد رمضان کی آمد پردوبارہ شروع کیا گیاہے، اس ہوٹل کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ملک کے پہلے وزیراعظم کے نام سے موسوم ہے۔

دراصل سابق وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے نام سے موسوم جواہر ہوٹل جو شاہجانی جامع مسجد کے ٹھیک سامنے مٹیا محل میں واقع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ1948 میں اس ہوٹل کاآغاز کیا گیا تھا۔ ہوٹل کے مالک رئیس الدین کے مطابق اس ہوٹل کانام اس وقت کے شاعر بے خود دہلوی کے کہنے پر میرے والد محترم نے رکھا تھا، ہم نے اس ہوٹل کو زمانے کے اعتبار سے دوبارہ شروع کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ہوٹل پہلے ہی تیار ہوگیا تھا، لیکن ہم نے رمضان مقدس کے موقع پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور آج رمضان کے لئے چاند ہوچکا ہے، اس لئے اب باضابطہ آغاز کیاجاچکا ہے۔

واضح رہے کہ جامع مسجد علاقے میں ہوٹلوں کی کثرت ہے، لیکن کریم ہوٹل، جواہر ہوٹل اور الجواہر ہوٹل ان تینوں کا شمار یہاں کے بہترین اور اعلیٰ معیار کے ہوٹلوں میں ہوتا ہے۔ باہر سے آنے والے مہمانان ان کی شہرت کی بنیاد پر ان ہوٹلوں میں ضرور جانے کی کوشش کرتے ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز