ہندوستان میں شوال المکرم کا چاند نظر آگیا ، کل عید الفطر

Jun 25, 2017 09:16 PM IST | Updated on: Jun 25, 2017 10:00 PM IST

نئی دہلی : بروز اتوار 25 جون کا عید الفطر کا چاند نظر آگیا ہے کل بروز پیر نئی دہلی سمیت ملک بھر میں عید الفطر کی نماز ادا کی جائے گی ۔ اتوار کی شام میں جامع مسجد رویت ہلال کمیٹی سمیت ملک کی تقریبا سبھی رویت ہلال کمیٹیوں نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔

رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ مولانا یوسف قاسمی کے زیر صدارت، امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر ۱۔بہادر شاہ ظفر مارگ نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ آج 29؍رمضان المبارک1438ھ کو چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔ دہلی میں مطلع صاف نہیں تھا ،البتہ ملک کے مختلف مقامات یوپی ، بہار،مغربی بنگال، آسام ، منی پور، تری پورہ ،کرناٹک ، گجرات،مہاراشٹر ، اڈیشہ ، دیوبند اور کاندھلہ کے مختلف علاقوں سے رویت عام کی اطلاع ہے۔ اس لئے رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند اعلان کرتی ہے کہ کل یعنی 26جون2017 بروزپیر ماہ شوال 1438ھ کی پہلی تاریخ ہوگی اور کل صبح نماز عید الفطر ادا کی جائے گی ۔

ہندوستان میں شوال المکرم کا چاند نظر آگیا ، کل عید الفطر

حضرت قاضی اہلسنت و مفتی اعظم محمد میاں ثمر دہلوی علیہ الرحمہ کی کمیٹی سنی مرکزی کمیٹی رؤیت ہلال مسجد فتحپوری دہلی کے نائب صدر و قائم مقام قاضی اہل سنت مولانا انوار احمد امجدی نے کہاکہ آج 29 رمضان المبارک 1438ہجری مطابق 25 جون2017 بروز اتوار دہلی و قر ب و جوار میں رؤیت عامہ ہوئی ہے لہذا کل 26 جون بروز پیر عید الفطر ہوگی ۔

خیال رہے کہ اتوار کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی عرب اور خلیجی ممالک میں عید الفطر منائی گئی ۔ انڈونیشیا،ملائیشیا، سنگاپور،برونائی، آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ میں بھی آج عید الفطرمنائی گئی ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز