معروف عالم دین مولانا عبد الرشید اثری کا انتقال، نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر دوپہر دو بجے

سدھارتھ نگر۔ سدھارتھ نگر کے معروف عالم دین، با کمال مدرس اور بہترین خطیب مولانا عبد الرشید صاحب اثری کا آج شام پانچ بج کر چالیس منٹ پر انتقال ہو گیا۔

Sep 23, 2017 09:13 PM IST | Updated on: Sep 23, 2017 09:35 PM IST

سدھارتھ نگر۔ سدھارتھ نگر کے معروف عالم دین، با کمال مدرس اور بہترین خطیب مولانا عبد الرشید صاحب اثری کا آج شام 5:40 بجے انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر تقریباً 53 سال تھی۔ مولانا گزشتہ ڈیڑھ سال سے کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا تھے اور مہاراشٹر کے ضلع ناسک کے ایک اسپتال میں ان کا علاج چل رہا تھا۔ مولانا کے انتقال سے علاقہ بھر میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مولانا کا تعلق ضلع کے برڈپور علاقہ میں واقع لدوا گاوں سے تھا۔ برڈ پور سے محض چند کلومیٹر کی دوری پر واقع سرکاری امداد یافتہ دینی مدرسہ دارالہدیٰ یوسف پور میں وہ غالبا انیس سو نوے سے درس وتدریس جیسے مقدس پیشے سے وابستہ تھے۔ درس وتدریس کے ساتھ ساتھ مولانا مرحوم کو خطابت اور دعوتی خدمات سے بھی بیحد دلچسپی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ مولانا علاقہ کی مسجدوں میں خطبہ جمعہ کا اہتمام پابندی کے ساتھ کرتے اور ضلعی جمعیت اہل حدیث، حلقہ نوگڑھ کی طرف سے منعقد ہونے والے ہفتہ واری پروگرام میں شرکت کرتے۔ آپ کو علاقہ میں ہونے والے جلسوں میں بطور خاص مدعو کیا جاتا تھا۔ سادہ اور عام فہم زبان میں خطاب کرتے۔ مولانا ایک عالم با عمل تھے۔ انتہائی خلیق اور ملنسار تھے۔ دینی اور سماجی کاموں میں آپ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔

معروف عالم دین مولانا عبد الرشید اثری کا انتقال، نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر دوپہر دو بجے

مولانا عبد الرشید اثری: فائل فوٹو۔

Loading...

مولانا کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ سمیت دو بیٹے اورچار بیٹیاں ہیں۔ ان کے بڑے بیٹے عزیر رشید جامعہ اسلامیہ، مدینہ منورہ سے فارغ التحصیل ہیں اور فی الحال وہ دارالہدیٰ یوسف پور میں اپنے والد کی جگہ تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مولانا کی نماز جنازہ کل یعنی 24 ستمبر کو بعد نماز ظہر دوپہر 2 بجے ان کے گاوں لدوا میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم کے بھتیجے مولانا ہاشم سلفی اور ان کے عزیز شاگرد مولانا حمید الدین یوسفی نے  نماز جنازہ میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کے شرکت کرنے اور مولانا کے حق میں دعائے مغفرت کرنے کی اپیل کی ہے۔

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز