سرسید احمد خاں کی تصاویر، اقوال اور زندگی کے چنندہ واقعات پر مبنی کافی ٹیبل بُک جہانِ سید کا اجرا

Oct 20, 2017 08:49 PM IST | Updated on: Oct 20, 2017 08:49 PM IST

علی گڑھ: عظیم مصلح اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کی دو صد سالہ جشن پیدائش تقریب کے موقع پر ان کی تصاویر ، اقوال اور ان کی زندگی کے چنندہ واقعات پر مبنی کافی ٹیبل بُک ’’جہانِ سید‘‘ کا اجراء سابق صدر جمہوریۂ ہند شری پرنب مکھرجی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کیا۔ سرسید احمد خاں کو مثالی خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے’’جہانِ سید‘‘ کو شعبۂ انگریزی کے پروفیسر محمد عاصم صدیقی اور اردو اکادمی (اے ایم یو) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راحت ابرار نے تیار کیا ہے۔

کافی ٹیبل بُک میں شامل نادر تصاویر سے بانیٔ درسگاہ کے مشن اور جذبہ کی عکاسی ہوتی ہے۔ ہر چیپٹر کی ابتداء میں مختصر مضمون ہے اور سرسید کی کتابوں، مضامین اور تقاریر کے اقتباسات ہیں جن سے ان تصاویر پر روشنی پڑتی ہے۔ اس کافی ٹیبل بُک سے سرسید کی ہمہ جہت شخصیت کے مختلف پہلو سامنے آتے ہیں اور بطور مصنف، مفکر، مصلح، منتظم اور ماہر تعلیم انھیں سمجھنے اور جاننے کا موقع ملتا ہے۔ اس سے جدیدیت کے تئیں ہندوستانی مسلمانوں کی بیداری کے تاریخی واقعہ اور سرسید نے کس طرح ہندوستانی مسلمانوں کو مغربی تعلیم اور جدیدیت کی راہ دکھائی اس کے مختلف گوشے سامنے آتے ہیں۔

سرسید احمد خاں کی تصاویر، اقوال اور زندگی کے چنندہ واقعات پر مبنی کافی ٹیبل بُک جہانِ سید کا اجرا

’’جہانِ سید‘‘ میں اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کا مقدمہ اور پروفیسر محمد عاصم صدیقی کا تحریر کردہ ’تعارف‘ شامل ہے۔ اس کے علاوہ سرسید پر پنڈت جواہر لعل نہرو، لالہ لاجپت رائے، ڈاکٹر راجندر پرساد، تارا چند، سر آکلینڈ کالون، شیام بینیگل اور رام چندر گُہا وغیرہ کے تاثرات بھی شامل ہیں۔ کافی ٹیبل بُک کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے دفتر رابطۂ عامہ نے شائع کیا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز