صدارتی انتخابات : سونیا گاندھی نے کیا اپوزیشن لیڈروں کو لنچ پر مدعو، مگر نتیش کمار نہیں ہوں گے شریک

May 25, 2017 05:39 PM IST | Updated on: May 25, 2017 05:39 PM IST

نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کو جمعہ کو لنچ پر مدعو کیا ہے جس میں صدر کے لئے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کانگریس ذرائع نے بتایا کہ محترمہ گاندھی نے مارکسی کمیونسٹ پارٹی، ترنمول کانگریس، بہوجن سماج پارٹی، راشٹریہ جنتا دل، سماج وادی پارٹی، دراوڑ منیتر کزگم اور کچھ دیگر جماعتوں کے لیڈروں کو ذاتی طور پر فون کرکے دعوت دی ہے۔

میٹنگ میں مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ترنمول کانگریس کی لیڈر ممتا بنرجی، راشٹریہ جنتا دل کے رہنما لالو پرساد یادو، مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے لیڈر سیتا رام یچوری کے شامل ہونے کی امید ہے۔ صدر پرنب مکھرجی کو دوبارہ صدر بنانے کا مشورہ دینے والے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اس میں شریک نہیں ہوں گے۔ مسٹر کمار کی جگہ جنتادل یو کے سینئر لیڈر شرد یادو حصہ لیں گے۔

صدارتی انتخابات : سونیا گاندھی نے کیا اپوزیشن لیڈروں کو لنچ پر مدعو، مگر نتیش کمار نہیں ہوں گے شریک

file photo

مسٹر مکھرجی کی مدت کار جولائی میں ختم ہو رہی ہے۔ صدارتی امیدوار کے لئے محترمہ گاندھی اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں سے فون پر اور انفرادی طور پر بات چیت کر رہی ہیں۔ مسٹر نتیش کمار اور محترمہ ممتا بنرجی اس سلسلے میں محترمہ گاندھی سے ملاقات کر چکے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی کوشش ہے کہ صدر کے لئے مشترکہ امیدوار اتار کر بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد کو سخت ٹکر دی جائے۔ بی جے پی نے صدارتی امیدوار کے تعلق سے اپنے پتے نہیں کھولے ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز