سونیا گاندھی کی سالگرہ پر وزیر اعظم مودی سمیت اہم لیڈران کی مبارکباد

Dec 09, 2017 08:05 PM IST | Updated on: Dec 09, 2017 08:05 PM IST

نئی دہلی۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی کی سالگرہ پر آج کانگریس سمیت مختلف پارٹیوں کے اہم لیڈران نے مبارکباد دی۔ محترمہ گاندھی کی رہائش گاہ 10جن پتھ کے باہر پارٹی کارکنان کا ہجوم رہا۔ کانگریس نے اپنے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری پوسٹ میں لکھا ہے، ’’حساس،محنتی ،بے لوث ،پرسکون،باوقاراور مضبوط،سبھی مشکلوں سے سامنا کرنے کی ہمت، ایک ماں ،ایک لیڈر،ایک دوست۔ کانگریس صدر سونیاگاندھی کو سالگرہ کی بہت مبارکباد۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کانگریس صدر سونیا گاندھی کو سالگرہ کی مبارک باد دی۔  مودی نے ٹویٹ کر کے مسز گاندھی کو سالگرہ کی مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے کہا -’’ کانگریس صدر سونیا گاندھی کو سالگرہ کی مبارک باد۔ میں آپ کی درازی ٔ عمر اور صحت مند زندگی کیلئے دعاگو ہوں‘‘۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میڈیا انچارج رندیپ سرجے والا نے ٹویٹ کیا،’’دل میں انسانیت اور زندگی کے راستے پر ہمدردی اور عدم تشدد کو اختیار کرنے والی ملک اور پارٹی کے لئے پرعزم ایک لیڈر۔سونیا گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد۔‘‘

سونیا گاندھی کی سالگرہ پر وزیر اعظم مودی سمیت اہم لیڈران کی مبارکباد

محترمہ گاندھی کی رہائش گاہ 10جن پتھ کے باہر پارٹی کارکنان کا ہجوم رہا۔

کانگریس کی لیڈر پریا دت نے کہا،’’محترمہ سونیا گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد۔ ان کی اچھائی ،حوصلےاور عہد نے ملک اور پارٹی کو متحد رکھا۔ ایسی شخصیت کو ہمارا سلام۔ ہم ان کی خوشی اور اچھی صحت کی دعا کرتےہیں۔ راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو نے ٹویٹ کرکے محترمہ گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ قربانی اور نامساعد حالات میں حقیقی جرات کا ثبوت دینے والی محترمہ سونیا گاندھی جی کو سالگرہ کی بہت بہت مبارکباد۔‘‘

اداکار اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر شتروگھن سنہا نے بھی محترمہ گاندھی کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے ٹویٹ کیا،’’محترمہ سونیا گاندھی کو سالگرہ کی بہت بہت مبارکباد۔ ہم ان کی صحت ،شانتی اور خوشحال زندگی کی دعا کرتےہیں۔‘‘

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز