میں وزیر اعظم کی دوڑ میں نہیں ہوں : اکھلیش یادو ، اپوزیشن اتحاد کی حکمت عملی افشا کرنے سے انکار

Jun 13, 2018 09:47 PM IST | Updated on: Jun 13, 2018 09:47 PM IST

لکھنو: سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے آج واضح کردیا کہ وہ 2019 کے عام انتخابات کے بعد وزیر اعظم بننے کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں ۔ مسٹر یادو نے کہا کہ وہ سردست اپنی ریاست کی سیاست تک محدود رہیں گے ، وزیر اعظم بننے کا خواب نہیں دیکھتے ۔ البتہ وہ ریاست میں برق رفتار سڑکیں اور میٹرو کی سہولت فراہم کرنے کا خواب ضرور دیکھتے ہیں ۔

نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ انہوں نے اپنی پارٹی کے تمام لیڈروں اور ورکروں سے کہا ہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں بی جے پی کی شکست یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کریں تاکہ مرکز میں اپوزیشن اقتدار میں آسکے ۔انہوں نے کہا کہ وہ عوام کو بی جے پی سے راحت دلانا چاہتے ہیں اور پارٹی کارکنوں پر وہ اس بات کو واضح کرچکے ہیں کہ وہ وزیر اعظم بننا نہیں چاہتے ، البتہ عام انتخابات کے بعد ملک میں ایک نیا وزیر اعظم ضرور منتخب کیا جائے گا ۔

میں وزیر اعظم کی دوڑ میں نہیں ہوں : اکھلیش یادو ، اپوزیشن اتحاد کی حکمت عملی افشا کرنے سے انکار

اترپردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو: فائل فوٹو۔

اپوزیشن اتحاد اور راہل گاندھی کی افطار پارٹی میں شرکت کے تعلق سے پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جاپائیں گے لیکن پارٹی کی طرف سے کوئی نہ کوئی ان کی نمائندگی ضرور کرے گا۔اترپردیش میں بی ایس پی اور کانگریس کے ساتھ اتحاد کے تعلق سے کچھ بھی بتانے سے انکار کرتے ہوئے مسٹر یادو نے بس اتنا کہنے پر اکتفا کیا کہ اس طرح کی حکمت عملی افشا نہیں کی جاتی۔کیرانہ میں حکمت عملی افشا نہ کرنے کا ہی نتیجہ سامنے آیا ۔ہماری حکمت عملی یہی رہے گی۔میڈیا چاہے کچھ بھی کہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز