پتھر بازوں کا واحد علاج گولیاں ہیں ، بی جے پی وزیر کے بیان سے کشمیر میں پھر غصے کی لہر

Apr 20, 2017 08:18 PM IST | Updated on: Apr 20, 2017 08:18 PM IST

سری نگر: وادئ کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور ریاستی وزیر صنعت و حرفت چندر پرکاش گنگا کی ایک ویڈیو نے شدید غصہ اور ناراضگی پیدا کی ہے جس میں انہیں وادی میں پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف گولیوں کے استعمال کی وکالت کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ مذکورہ وزیر نے کہا ہے کہ پتھراؤ کرنے والوں اور ملک مخالف عناصر کے خلاف گولیوں کا استعمال واحد حل ہے۔ مسٹر گنگا نے پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف گولیوں کے استعمال کی بات مبینہ طور پر گزشتہ روز جموں میں میڈیا کے ساتھ غیررسمی بات چیت کے دوران کی ہے۔

وادی میں تھری جی اور فور جی انٹرنیٹ خدمات پر پابندی عائد ہونے کے باوجود مذکورہ ویڈیو کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا جارہا ہے۔ اس ویڈیو میں مسٹر گنگا کے کچھ حامیوں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ وزیر موصوف کو مذکورہ ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ’وہ غدار ہیں، خواہ وہ پاکستان سے آئے ہوں، یا یہاں رہتے ہوں۔ ان کا صرف ایک علاج ہے اور وہ گولیاں ہیں‘۔

پتھر بازوں کا واحد علاج گولیاں ہیں ، بی جے پی وزیر کے بیان سے کشمیر میں پھر غصے کی لہر

بی جے پی وزیر کو ویڈیو میں کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ’میں جو بھی بات کرتا ہوں، وہ براہ راست اور سادھے الفاظ میں کرتا ہوں‘۔ حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو جس میں سیکورٹی فورس اہلکاروں کو ایک کشمیری نوجوان کو شدید زدوکوب کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر گنگا نے کہا ہے ’میرے الفاظ نوٹ کرلو۔ وہ (نوجوانوں) اب کبھی بھی پتھراؤ نہیں کرے گا۔

اگر آپ گولیاں استعمال نہیں کرسکتے تو وہی طریقہ استعمال کرو جو آپ اس نوجوان پر کیا گیا ‘۔ ایک اور ویڈیو جس میں ایک کشمیری نوجوان کو سیکورٹی فورسز کے سامنے پاکستان مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا ہے ’کیا آپ نے وہ ویڈیو دیکھی ہے جس میں ایک نوجوان پاکستان مخالف نعرہ بازی کررہا ہے۔ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے ہیں۔ ان کا علاج جوتے ہیں‘۔ انہیں سوالیہ اندازلیہ میں یہ کہتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے ’وہ (کشمیری نوجوان) کس سے آزادی چاہتے ہیں‘۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز