Live Results Assembly Elections 2018

شمالی کشمیر کے ہندواڑہ میں مسلح تصادم، 3 غیرملکی جنگجو اور ایک خاتون ہلاک

سری نگر۔ شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ علاقہ میں ہونے والے ایک شبانہ مسلح تصادم میں تین غیرملکی جنگجو مارے گئے ہیں۔

Dec 11, 2017 09:20 AM IST | Updated on: Dec 11, 2017 11:07 AM IST

سری نگر۔ شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ علاقہ میں ہونے والے ایک شبانہ مسلح تصادم میں تین غیرملکی جنگجو مارے گئے ہیں۔ اس مسلح تصادم کے دوران اپنے گھر میں بیٹھی ایک خاتون گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی ہے۔ ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا کہ ہندواڑہ کے یونسو میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو سیکورٹی فورسز کا جنگجوؤں کے ساتھ مسلح تصادم ہوا، جس میں تین غیر ملکی جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مارے گئے جنگجو ظاہری طور پر پاکستانی ہیں۔

پولیس سربراہ نے مسلح تصادم کے حوالے سے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’یونسو ہندوارہ میں جموں وکشمیر پولیس، فوج کی راشٹریہ رائفلز (آر آر) اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی مشترکہ ٹیم نے تین جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے جن کا تعلق ظاہری طور پر پاکستان سے ہے۔ رات بھر بارشیں ہورہی تھیں، لیکن لڑکے (سیکورٹی فورس اہلکار) سردی کے باوجود اپنی ڈیوٹی نبھا رہے تھے‘۔ یونسو نامی گاؤں ایپل ٹاون سوپور سے کپواڑہ کی طرف جانے والی شاہراہ پر واقع ہے۔

شمالی کشمیر کے ہندواڑہ میں مسلح تصادم، 3 غیرملکی جنگجو اور ایک خاتون ہلاک

ہندوستانی فوج: فائل فوٹو

دفاعی ذرائع نے یو این آئی کو مسلح تصادم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا ’یونسو ہندواڑہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج کی 22 آر آر، ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور پیراملٹری فورس سی آر پی ایف نے گذشتہ رات مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا‘۔ انہوں نے کہا کہ جنگجوؤں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے مذکورہ گاؤں کے تمام داخلی و خارجی پوائنٹس کو سیل کردیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا ’تلاشی آپریشن کے دوران جب سیکورٹی فورسز ایک مخصوص جگہ کی جانب پیش قدمی کررہے تھے تو وہاں موجود جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ کی‘۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں تینوں جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم کے دوران اپنے گھر میں بیٹھی ایک خاتون گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا ’اگرچہ علاقہ کی صورتحال کشیدہ ہے، تاہم کنٹرول میں ہے‘۔ ایک فوجی عہدیدار نے بتایا کہ ناموافق موسمی حالات کے باوجود سیکورٹی فورسز کا آپریشن کامیاب رہا۔ انہوں نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ دریں اثنا انتظامیہ نے مسلح تصادم میں جنگجوؤں کی ہلاکت کے تناظر میں کپواڑہ اور بارہمولہ اضلاع کے متعدد علاقوں بشمول ہندواڑہ، کپواڑہ، سوپور اور بارہمولہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ یہ خدمات ظاہری طور پر جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف احتجاجوں اور کسی بھی طرح کی افواہ بازی کو روکنے کے لئے منقطع کی گئی ہیں ۔

Loading...

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز