جموں و کمشیر : وسطی کشمیر کے بڈگام میں انکاونٹر، سیکورٹی اہلکاروں نے 3 دہشت گردوں کو مار گرایا

Jul 12, 2017 10:52 AM IST | Updated on: Jul 12, 2017 10:52 AM IST

سری نگر : وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ہونے والی ایک شبانہ جھڑپ کے دوران تین جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ پورے ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو احتیاطی طور پر منقطع کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بڈگام کے ماگام علاقہ میں واقع رڈبگ نامی گاؤں میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس نے مذکورہ گاؤں میں گذشتہ رات تلاشی آپریشن شروع کیا۔ تاہم جب سیکورٹی فورسز ایک مخصوص جگہ کی طرف پیش قدمی کررہے تھے تو وہاں موجود دہست گردوں نے ان پر فائرنگ کی۔

ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر جھڑپ کا آغاز ہوا۔ انہوں نے بتایا ’علاقہ میں کسی بھی طرح کے جنگجو حامی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری بلائی گئی تھی‘۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ ایک رہائشی مکان میں محصور تین جنگجوؤں کی ہلاکت پر ختم ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔ دریں اثنا موصولہ اطلاعات کے مطابق رڈبگ میں تین جنگجوؤں کے سیکورٹی فورسز کے محاصرے میں پھنسنے کی خبر پھیلتے ہی گذشتہ رات رڈبگ کے نذدیکی دیہات میں جنگجو حامی مظاہرے شروع ہوئے۔

جموں و کمشیر : وسطی کشمیر کے بڈگام میں انکاونٹر، سیکورٹی اہلکاروں نے 3 دہشت گردوں کو مار گرایا

file photo

ان اطلاعات کے مطابق اگرچہ لوگوں نے جھڑپ کے مقام کی طرف پیش قدمی کی کوششیں کیں تاہم سیکورٹی فورسز نے ان کوششوں کو ناکام بنایا۔ ضلع بھر میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات معطل کردی گئی ہیں۔ بڈگام کے ایک رہائشی نے یو این آئی کو بتایا ’پورے ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات گذشتہ رات قریب دس بجے معطل کی گئیں‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ موبائیل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کا قدم کسی بھی طرح کی افواہ بازی کو روکنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خدمات کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز