سری نگر : جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں اتوار کے روز دو کمسن لڑکے ٹرین کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گئے۔ حادثے کے بعد ضلع پلوامہ میں متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر وسطی کشمیر کے بڈگام اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان براستہ جنوبی کشمیر ریل خدمات معطل کردی گئیں۔
ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ پوچھل پلوامہ میں 6 اور 10 برس کی عمر کے دو کمسن لڑکے ریل پٹریوں کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ مہلوک کمسن لڑکوں کی شناخت منتظر اور فیضان کے بطور کی گئی ہے۔

file photo
ٹرین حادثے میں دو کمسن لڑکوں کے جاں بحق ہونے کی خبر پھیلنے کے ساتھ ہی قریب سات سے آٹھ دیہات میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بعد ایک مقامات پر احتجاجیوں نے ریل پٹریوں پر آکر دھرنا دیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر بڈگام اور بانہال کے درمیان ریل خدمات کو معطل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد دونوں کمسن لڑکوں کی لاشیں ورثار کے سپرد کردی گئیں۔