شمالی کشمیر میں حرکت المجاہدین سے وابستہ دو دہشت گرد یونس میر اور طاہر الاسلام گرفتار

Aug 14, 2017 05:15 PM IST | Updated on: Aug 14, 2017 05:15 PM IST

سری نگر : سیکورٹی فورسز نے پیر کے روز شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں حرکت المجاہدین سے وابستہ دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔ کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس منیر احمد خان نے بتایا کہ ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر ریاستی پولیس اور فوج نے مذکورہ علاقہ میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران یونس احمد میر اور طاہر الاسلام نامی دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ مسٹر خان نے بتایا کہ دونوں جنگجوؤں کا تعلق حرکت المجاہدین نامی جنگجو تنظیم سے تھا۔ انہوں نے مزید بتایا ’گرفتار شدہ جنگجوؤں سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے‘۔ جموں وکشمیر پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہندواڑہ میں حرکت المجاہدین سے وابستہ دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا‘۔

شمالی کشمیر میں حرکت المجاہدین سے وابستہ دو دہشت گرد یونس میر اور طاہر الاسلام گرفتار

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تلاشی کاروائی میں ریاستی پولیس، فوج کی 21 راشٹریہ رائفلز اور 92 بٹالین سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ انہوں نے گرفتار شدہ جنگجوؤں کی شناخت یونس احمد میر عرف سرفراز ولد بشیر احمد میر ساکنہ سبدن گلوان پورہ بڈگام اور طاہر الاسلام عرف سجاد افغانی ولد بشیر احمد ساکنہ ملورہ توحیدآباد ضلع سری نگر کے بطور کی۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں نے حال ہی میں حرکت المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے گرفتاری کے اس معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات سروع کردی ہے۔ طاہر الاسلام کی اے کے 47 کے ساتھ تصویر حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر وائرل ہوئی تھی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز