شمالی کشمیر کے سوپور میں سیکورٹی فورسیز نے لشکر طیبہ کے دو مقامی دہشت گرد نعیم احمد اور عاشق حسین کو مار گرایا

شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ایپل ٹاون سوپور میں پیر کی صبح دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے ایک مسلح تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

Sep 04, 2017 01:23 PM IST | Updated on: Sep 04, 2017 01:24 PM IST

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ایپل ٹاون سوپور میں پیر کی صبح دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے ایک مسلح تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ مقامی دہشت گردوں کی ہلاکت کے تناظر میں احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں احتیاطی اقدامات کے طور پر یک روزہ تعطیل کے اعلان کے علاوہ موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کی گئی ہیں۔ مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت نعیم احمد ساکنہ براٹھ کلان سوپور اور عاشق حسین ساکنہ اندر گام پٹن کے بطور کی گئی ہے۔ دونوں جنگجو تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے تین اے کے 47 رائفلیں برآمد کی گئیں۔ شمالی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نتیش کمار نے مسلح تصادم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سوپور کے شنکر گنڈ براٹھ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں وکشمیر پولیس ، فوج اور سینٹرل ریزرو پولیس فورسز نے مذکورہ گاؤں میں پیر کی صبح تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔

شمالی کشمیر کے سوپور میں سیکورٹی فورسیز نے لشکر طیبہ کے دو مقامی دہشت گرد نعیم احمد اور عاشق حسین کو مار گرایا

ریاستی پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’براٹھ سوپور میں ہونے والے مسلح تصادم میں ریاستی پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا‘۔

ذرائع نے بتایا کہ شنکر گنڈ براٹھ مین ٹاون سوپور سے محض تین کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات کے طور پر بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع کے تمام تعلیمی اداروں میں آج تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع بارہمولہ کے مختلف علاقوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات معطل کردی گئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کا اقدام سوشل میڈیا پر کسی بھی طرح کی افواہ بازی کو روکنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز