اترپردیش میں کل 4452 منظور شدہ مدارس ، مگر3760 مدارس میں ہی امتحان کیلئے بھرے گئے فارم

Jan 18, 2017 11:10 PM IST | Updated on: Jan 18, 2017 11:10 PM IST

لکھنؤ(حمیداللہ صدیقی ) اترپردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات کی تیاریاں شروع ہوگئیں ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال مدرسوں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے ، لیکن امتحان فارم بھرنے والے طلبہ و طالبات کی تعداد کم ہوگئی ہے۔

اترپردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ کے تحت چلنے والے ادارے اقلیتوں کی تعلیم کا ایک بڑا ذریعہ ہیں ۔ مدارس کے تعلیمی معیارکو بہتر بنانے کی غرض سے نقل پر روک لگانے کی کوششیں بھی ہورہی ہیں ، جن کے سبب گزشتہ سال امتحان فارم جمع کرنے والےطلبہ کی جہاں تعداد 4 لاکھ 22 ہزار تھی ، اس سال وہی تعداد کم ہو کر 3 لاکھ 78 ہزارہو گئی ہے۔

اترپردیش میں کل 4452 منظور شدہ مدارس ، مگر3760 مدارس میں ہی امتحان کیلئے بھرے گئے فارم

یوپی میں کل 4452 مدارس منظور شدہ ہیں۔مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں صرف 3760 مدارس نے ہی سال رواں امتحان کیلئے فارم بھرے ہیں ۔ 692 مدارس نے فارم جمع نہیں کرائے ہیں ۔

مدرسہ بورڈ کے رجسٹرار محمد طارق کا کہنا ہے کہ نقل کے خلاف سختی کے سبب ہی فارم جمع کرنے والے طلبہ کی تعداد کم ہوئی ہے۔ مدرسہ بورڈ کے رجسٹرار کا یہ بھی کہنا ہے کہ جن مدارس نے فارم جمع نہیں کرائے ہیں،ان کا رویہ مشکوک لگتا ہے اور جانچ کرکے ایسے مدارس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

محمد طارق کے مطابق امتحانات کی تاریخوں کا اعلان عنقریب ہی کر دیا جائے گا۔ یہ بات سچ ہےکہ فارم بھرنے سے لے کر رزلٹ تک سبھی انتظام آن لائن ہو جانے کے سبب کافی حد تک فرضی واڑے پر لگام لگا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ آنے والے دنوں میں مدارس کے تعلیمی نظام میں مزید بہتری آئے گی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز