عالمی یوم اردو ایوارڈ 2017 کا اعلان ، گلزار زتشی دہلوی کو لائف ٹائم اچیومنٹ اورجسیم الدین کو حیات اللہ انصاری ایوارڈ

May 15, 2017 10:56 PM IST | Updated on: May 15, 2017 10:56 PM IST

نئی دہلی: عالمی یوم ارد و آرگنائزیشن اور یونائٹیڈ مسلم آف انڈیا نے سال 2017کے لئے عالمی یوم اردو ایوارڈس کا اعلان کردیا ہے۔ اردو کی ترویج و اشاعت میں نمایاں خدمات انجام دینے والے معروف بزرگ شاعر پنڈت گلزار زتشی دہلوی کو امسال لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ عالمی یوم اردو ایوارڈ کمیٹی کے کل ہند کنوینر ڈاکٹر سیدا حمد خان نے بتایا کہ بزرگ صحافی جلال الدین اسلم کی صدارت میں آرگنائزنگ کمیٹی کی ایک میٹنگ ہوئی جس میں سال 2017کے لئے عالمی اردو ایوارڈ کے لئے مختلف افراد کے ناموں کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ تخلیقی ادب کا عبدالماجد دریابادی ایوارڈ عظیم اختر کو دیا جائے گا۔ عظیم اختر دہلی حکومت میں انفارمیشن افسر رہ چکے ہیں ۔ انہوں نے متعدد کتابیں لکھی ہیں اور ان کے مضامین اخبارات کی زینت بنتے رہتے ہیں۔محفوظ الرحمان ایوارڈ برائے صحافت کے لئے ڈاکٹر مظفر حسین غزالی کو منتخب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر غزالی فی الحال یونائٹیڈ نیوز نیٹ ورک کے ایڈیٹر ہیں اوریونیسیف میں اردو کے مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

عالمی یوم اردو ایوارڈ 2017 کا اعلان ، گلزار زتشی دہلوی کو لائف ٹائم اچیومنٹ اورجسیم الدین کو حیات اللہ انصاری ایوارڈ

امسال ادبی خدمات کے لئے حیات اللہ انصاری ایوارڈ مسٹر جسیم الدین کو دیا جائے گا ، جو روزنامہ انقلاب سے وابستہ ہیں۔ اسماعیل میرٹھی ایوارڈ برائے ادب اطفال کے ایوارڈ کے لئے مولانا سراج الدین ندوی کو منتخب کیا گیا ہے۔ مولانا ندوی ملت اکیڈمی بجنور سے وابستہ ہیں اور ایک عرصے سے بچوں کا رسالہ اچھا ساتھی نکال رہے ہیں۔حفیظ میرٹھی ایوارڈ برائے شاعری افضل منگلوری کو دیا جائے گا۔ وہ فی الوقت اردو اکیڈمی اتراکھنڈ کے چےئرمین ہیں۔ قاضی عبدالجلیل ایوارڈ برائے ادارتی خدمات عبدالحی خان کو دیا جائے گا۔ وہ قومی کونسل برائے فروغ زبان اردو سے وابستہ ہیں۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر علامہ اقبال کی یوم پیدائش نو نومبر کی مناسب سے ہر سال عالمی یوم اردو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ایک یادگار مجلہ بھی شائع کیا جاتا ہے۔ امسال یہ مجلہ مولانا ڈاکٹر حامد الانصاری انجم کی حیات و خدمات کے موضوع پر ہوگا۔معروف صحافی سہیل انجم اس کی ادارت کریں گے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز