اب ایس ایم ایس بھیج کر اپنے شہر میں پٹرول و ڈیزل کی قیمت کیجئے معلوم

Jun 11, 2017 04:40 PM IST | Updated on: Jun 11, 2017 04:40 PM IST

نئی دہلی : پٹرول اور ڈیزل کی 16 جون سے ہر روز قیمت تبدیل کرنے کی ڈیلروں کی مخالفت کے درمیان تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج کہا کہ اس کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اوربیشتر ڈیلروں کو شام آٹھ بجے ہی اگلے دن کی شرح حاصل ہوجائیں گی نیزصارفین ایس ایم ایس بھیج کر اپنے شہر کے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت معلوم کرسکیں گے۔

تیل مارکیٹنگ کرنے والی ملک کی سب سے بڑی سرکاری کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے آج یہاں جاری بیان میں کہا کہ ہندوستان پٹرولیم اور بھارت پٹرولیم کے ساتھ مل کر ملک کے پانچ شہروں میں پہلے یہ کام پائلٹ کے طور پر شروع کیا گیا اور اس کی کامیابی کے پیش نظر اب اسے 16 جون سے پورے ملک میں نافذ کیا جا رہا ہے۔

اب ایس ایم ایس بھیج کر اپنے شہر میں پٹرول و ڈیزل کی قیمت کیجئے معلوم

انڈین آئل نے کہا کہ صارفین کی آسانی کے اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ موبائل اپلی کیشن کے ذریعے تمام شہروں کی اپ ڈیٹ شرح دیکھی جا سکیں گی۔ اس کے ساتھ ہی صارفین اپنے شہر کی قیمت کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھی معلوم کر سکیں گے۔ اس کے لئے آر ایس پی اسپیس ڈیلر کوڈ لکھ کر 9224992249 پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔ تمام پٹرول پمپوں پر ڈیلر کا کوڈ لکھاہو گا۔ کمپنی نے کہا کہ اس کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر ہونے والی چھوٹی چھوٹی تبدیلی کے فوائد بھی ڈیلروں اور صارفین تک پہنچانا یقینی ہو سکے گا۔ انڈین آئل نے کہا کہ 40 دن تک چندی گڑھ، جمشید پور، پڈوچیری، ادے پوراور وشاکھاپٹنم میں پٹرول اور ڈیزل کے دام ہر دن بدلے گئے ہیں۔

کمپنی نے کہا کہ صارفین کو قیمتوں کے تعلق سے کوئی پریشانی نہیں ہو اس کے لے ڈیلروں کو تربیت دی گئی ہے۔ ملک میں انڈین آئل کے 26 ہزار سے زائد ڈیلر ہیں اور انہیں اگلے دن کی شرح شام آٹھ بجے مل جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی اس کے 10 ہزار پٹرول پمپ آٹومیٹڈ ہیں جن میں قیمت خود کار طریقے سے اپ ڈیٹ ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ ایسی ٹیکنالوجی بھی دستیاب کرائی جا رہی ہے جس سے قیمت نصف شب میں تبدیل ہوجائے گی۔ جو پٹرول پمپ آٹومیٹڈ نہیں ہیں اس کے ڈیلروں کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کو تبدیل کرنے کی اطلاع چار ذرائع ایس ایم ایس، ای میل، موبائل اپلی کیشن اور ویب پورٹل کے ذریعے دی جائے گی۔ یہ اطلاع آٹومیٹڈ ڈیلروں کو بھی ملے گی۔

کمپنی نے کہا کہ جس طرح سے ڈیلر اب شرح تبدیل کرتے ہیں اسی طرح روزانہ تبدیل کی جائیں گی۔ ڈیلروں کو ہر روز فروخت شروع کرنے سے پہلے قیمتوں میں تبدیلی کو یقینی کرنا ہوگا اور قیمتوں میں جو تبدیلی ہوگی اسے تمام ڈیلروں کو فوری طورپر ظاہر کرنا پڑے گا تاکہ گاہکوں کو اس کی اطلاع مل سکے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز