او آئی سی کا مشرقی یروشلم کو فلسطین کی راجدھانی تسلیم کرنے کا اعلان ، دیگر ممالک سے بھی کی اپیل

Dec 13, 2017 10:48 PM IST | Updated on: Dec 13, 2017 10:48 PM IST

استنبول : اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے مشرقی یروشلم کو فلسطین کا دارلحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ دنیا کے دیگر ممالک سے بھی ایسا ہی کرنے اپیل کی ہے ۔ اس تنظیم نے یروشلم کے حوالے سے امریکی فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترکی کے شہر استنبول میں منعقدہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے ایک غیرمعمولی ہنگامی اجلاس کے اختتام پر ایک 23 نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اگر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یروشلم کے معاملے کے حل کے لیے کوئی قدم نہ اٹھایا تو رکن ممالک اس معاملے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں لے کر جائیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی اقدام انتہا پسندی اور دہشت گردی بڑھائے گا۔ امریکہ کا مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اعلان امن عمل سے دستبرداری ہے لہذا امریکہ مشرق وسطیٰ امن عمل سے اپنا کردار ختم کرے۔ او آئی سی اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطینی دارالحکومت تسلیم کرے۔

او آئی سی کا مشرقی یروشلم کو فلسطین کی راجدھانی تسلیم کرنے کا اعلان ، دیگر ممالک سے بھی کی اپیل

قابل ذکر ہے کہ 57 مسلم ممالک کی اس تنظیم کے اجلاس میں میزبان ترکی کے علاوہ پچاس ممالک کے مندوب شریک ہوئے۔ 22 ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔ مشترکہ اعلامیہ کی اکثر شقوں میں فلسطینیوں کی ہر فورم پر مکمل حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز