اسلامی تعاون تنظیم کی یروشلم معاملہ میں امریکہ سے رشتے منقطع کرنے کی دھمکی

Dec 05, 2017 01:34 PM IST | Updated on: Dec 05, 2017 01:34 PM IST

نئی دہلی۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے بیت المقدس( یروشلم ) کو اسرائیل کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کئے جانے کے متنازع فیصلہ کی اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) نے شدید مذمت کرتے ہوئے رکن ممالک کی جانب سے رشتے منقطع کرنے کی دھمکی دی ہے اور اس معاملہ میں ہنگامی طور پر اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان ڈاٹ کام نے غیرملکی خبررساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے حوالہ سے لکھا ہے کہ او آئی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ریاست اپنے سفارت خانے کو بیت المقدس منتقل کرے اور بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دے تو ایسی صورت میں اس کے 57 رکن ریاستوں کو اس ملک سے تعلقات منقطع کردینا چاہیے۔

اسلامی تعاون تنظیم کی یروشلم معاملہ میں امریکہ سے رشتے منقطع کرنے کی دھمکی

فائل فوٹو

خیال رہے کہ اسرائیل نے 1967 کی جنگ میں بیت المقدس کے مشرقی حصے میں قبضہ کرکے اس کو اپنا دارالحکومت قرار دیا تھا لیکن عالمی برادری اس کو قبول نہیں کرتی جبکہ فلسطینیوں کا دعویٰ ہے کہ یہ ان کا ریاستی دارالحکومت ہے۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے امریکی اہلکاروں کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ممکنہ طور پر رواں ہفتے بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیتے ہوئے انتخابی مہم کے دوران بیت المقدس میں امریکی سفارت خانہ قائم کرنے کا کیا گیا اپنا وعدہ پورا کرنے کا اعلان کرسکتے ہیں۔ گزشتہ سال امریکہ میں اپنی صدارتی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے امریکیوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ صدر بننے کی صورت میں اپنا سفارت خانہ یروشلم میں منتقل کر دیں گے۔ امریکی عہدیداروں کی جانب سے اس بیان کے بعد امریکا کو فلسطین سمیت عرب اور مسلم دنیا کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا ہے اور اسی سلسلے میں او آئی سی کی جانب سے بھی 57 رکنی تنظیم کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈان ڈاٹ کام نے او آئی سی کا بیان نقل کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے بیت المقدس کے حوالے سے ایسے کسی بھی فیصلے کو 'عرب اور مسلم اقوام پر حملہ' تصور کیا جائے گا۔ دنیا بھر کے ممالک کے سفارت خانے تل ابیب میں واقع ہیں کیونکہ امریکا سمیت تمام عالمی طاقتیں بیت المقدس کو متنازع علاقہ سمجھتی ہیں۔

 

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز