پاکستان کرکٹ بورڈ سے نجم سیٹھی کی چھٹی تقریبا طے ، یہ عظیم کرکٹر بن سکتا ہے نیا چیئرمین ؟

عمران خان پاکستان کے ایک عظیم کرکٹر رہ چکے ہیں ، ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیاں طے مانی جارہی ہیں ۔

Aug 10, 2018 10:17 AM IST | Updated on: Aug 10, 2018 10:18 AM IST

پاکستان میں عمران خان کی حکومت بننا تقریبا طے ہے ۔ عمران خان پاکستان کے ایک عظیم  کرکٹر رہ چکے ہیں ، ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیاں طے مانی جارہی ہیں ۔ ایسا بھی مانا جارہا ہے کہ عمران خان کے ملک کی قیادت سنبھالنے کے بعد موجودہ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کی بورڈ سے چھٹی ہوسکتی ہے ۔ اس دوران نجم سیٹھی نے خود بھی ایک ایسی بات کہہ دی ہے ، جس کی وجہ سے ایسی قیاس آرائیوں  کو مزید تقویت مل رہی ہے ۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بطور وزیراعظم عمران خان بورڈ کے سرپرست اعلیٰ ہوں گے اور اگر وہ اپنے کسی شخص کو پی سی بی میں لانا چاہتے ہیں تو مجھے اشارہ کردیں میں استعفیٰ دے دوں گا، نیا چیئرمین مقرر کرنا، پیٹرن ان چیف کا استحقاق ہے لیکن ابھی میں نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ سے نجم سیٹھی کی چھٹی تقریبا طے ، یہ عظیم کرکٹر بن سکتا ہے نیا چیئرمین ؟

نجم سیٹھی ۔ فائل فوٹو۔

اس سے قبل نجم سیٹھی کی اہلیہ نے بھی کہا تھا کہا کہ نجم آئندہ 8 سے 10 دنوں میں اپنے مستقبل کے بارے اہم فیصلہ کریں گے۔ وہ یہ فیصلہ اپنی عزت نفس کو سامنے رکھتے ہوئے کریںگے۔ بیوی کی اس بات پر نجم سیٹھی نے کہا کہ ابھی تک میرا بورڈ چھوڑنے کا ارادہ نہیں ہے ، لیکن میں اسی صورت میں کام کروں گا جب عمران خان یا ان کے لوگ مجھے کام جاری رکھنے کے بارے میں کہیں گے، مجھے جس دن بورڈ میں تبدیلی کا اشارہ مل گیا ، میں پی سی بی کو خیر باد کہہ دوں گا۔

بورڈ میں جاری ہلچل اور بیان بازیوں کے بعد اب ایک مرتبہ پھر اس بات کی قیاس آرائی تیز ہوگئی ہے کہ سابق تیز گیند وسیم اکرم کو پی سی بی کا نیا چیئرمین بنایا جاسکتا ہے ۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل وسیم اکرم کے ایک فیملی ممبر نے کہا تھا اس بات کا قوی امکان ہے کہ سابق کپتان کو بورڈ کی باگ ڈورسونپی جاسکتی ہے۔ مذکورہ فیملی ممبرکا کہنا تھا کہ عمران خان اوروسیم اکرم اپنے کرکٹ کیریئرسے ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں اوراب دونوں ملک کو بلندیوں کی جانب لے جانے کے لیے تیار ہیں۔

Loading...

قابل ذکر ہے کہ کچھ دنوں قبل پی سی بی کے ایک وفد نے عمران خان سے ملاقات کی تھی اور انہیں حالیہ عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں پی سی بی کے معاملات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور موجودہ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا۔یہی نہیں بورڈ میں پھیلی بدعنوانیوں اور کرپشن کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز