پاکستان : پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے پر چھ ماہ کی قید اور 2 لاکھ جرمانہ کی سزا

پاکستان میں لاہور کی ایک مقامی عدالت نے بیوی سے اجازت لیے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص کو چھ ماہ قید اور 2 لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔

Nov 02, 2017 08:14 PM IST | Updated on: Nov 02, 2017 08:14 PM IST

َلاہور: پاکستان میں لاہور کی ایک مقامی عدالت نے بیوی سے اجازت لیے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص کو چھ ماہ قید اور 2 لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ایک پاکستانی نیوز چینل کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ سید علی جواد نے عائشہ خلیل کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا ہے کہ شیخوپورہ کے رہائشی ثاقب سہیل سے ان کی شادی جولائی 2013 میں ہوئی۔ان کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کے بعد ان کے شوہر کا رویہ آہستہ آہستہ بدلنا شروع ہوا اور بات یہاں تک پہنچ گئی کہ ثاقب سہیل روز ان کے ساتھ مار پیٹ کرنے لگے۔

اسی دوران عائشہ خلیل کو معلوم ہوا کہ شادی کے وقت ثاقب نے نکاح نامے میں جھوٹ لکھوایا تھا کہ وہ کنوارے ہیں اور دراصل ان کی نومبر 2011 میں روبینہ نام کی خاتون سے شادی ہو چکی تھی۔اس کے بعد عائشہ خلیل کو معلومات حاصل ہوئیں کہ ان کے شوہر نے لاہور کے علاقے شاہدرہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سے تیسری شادی کر لی ہے۔

پاکستان : پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے پر چھ ماہ کی قید اور 2 لاکھ جرمانہ کی سزا

عائشہ نے مسلم فیملی آرڈیننس 1961 کے سیکشن 6 کے تحت اپریل 2016 میں اپنے شوہر ثاقب سہیل کے خلاف کیس درج کروایا۔ عائشہ نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے شوہر نے ان کی اجازت کے بنا دوسری شادی کی ہے اور اس شادی کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔ تمام ثبوت اور گواہان کے بیانات کے بعد عدالت نے ثاقب سہیل کو چھ ماہ قید اور 2 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی، البتہ دوسری شادی منسوخ نہیں کی۔دوسری جانب ملزم ثاقب سہیل نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔

پاکستان میں کونسل آف اسلامک آئیڈیالوجی کے مسلم فیملی آرڈیننس 1961 کے مطابق دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی کی تحریری اجازت کی ضرورت ہوتی ہے۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے کیسز پاکستان میں عدالتوں تک کم ہی پہنچتے ہیں کیونکہ خواتین کے لیے شوہر کی دوسری شادی ثابت کرنا ایک مشکل کام ہے البتہ صحیح کاغذات اور گواہان پیش کئے جائیں تو عدالت موجودہ قوانین کے مطابق قید اور جرمانے کی سزا دیتی ہے لیکن دوسری شادی کے لیگل سٹیٹس کو غیر قانونی قرار نہیں دے سکتی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز