پروین توگڑیا تین روزہ دورے پر جموں پہنچے، کہا : ہفتہ کو ہر مسئلے پر کروں گا بات

Nov 03, 2017 03:40 PM IST | Updated on: Nov 03, 2017 03:40 PM IST

جموں: وشوا ہندو پریشد کے بین الاقوامی صدر پروین توگڑیا اپنے تین روزہ دورے پر جمعہ کو ریاست کی سرمائی دارالحکومت جموں پہنچ گئے۔ شعلہ بیان لیڈر ڈاکٹر توگڑیا اپنے دورے کے دوران یہاں ’ہندو ہیلپ لائن‘ کا افتتاح کرنے کے علاوہ سول سوسائٹی کے اراکین اور دوسرے لوگوں کے ساتھ میٹنگیں کرکے جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کریں گے۔ وہ 5 نومبر کو واپس نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ وی ایچ پی صدر نے جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ اپنی مختصر بات چیت میں اپنے دورے کے اغراض و مقاصد بیان کئے، لیکن ’دفعہ 35 اے‘ اور علیحدگی پسندوں سے متعلق سوالات کو یہ کہتے ہوئے ٹال دیا کہ وہ ہفتہ کو ’ہندو ہیلپ لائن‘ کے افتتاح کے موقع پر ہر ایک موضوع پر بات کریں گے۔

انہوں نے کہا ’آج یہاں وکیلوں کی میٹنگ ہونے جارہی ہے۔ اس میں غریب ہندوں کو مفت قانونی مدد فراہم کرنے کے مسئلے پر بات چیت ہوگی‘۔ پروین توگڑیا نے کہا ’کل (ہفتہ کو) ہندو ہیلپ لائن کی آل انڈیا میٹنگ یہاں منعقد ہوگی۔ بھارت میں کسی بھی ہندو کو مدد کی ضرورت ہے، تو اسے بغیر کسی سفارش کے مدد فراہم کرنا اس ہیلپ لائن کا بنیادی مقصد ہے‘۔

پروین توگڑیا تین روزہ دورے پر جموں پہنچے، کہا : ہفتہ کو ہر مسئلے پر کروں گا بات

fiel photo

انہوں نے دفعہ 35 اے اور علیحدگی پسندوں سے متعلق سوالات کو یہ کہتے ہوئے ٹال دیا کہ ہفتہ کے روز میڈیا کو بلایا جائے گا اور میں ہر ایک موضوع پر بات کروں گا۔ وی ایچ پی ذرائع نے بتایا ’یہ ہیلپ لائن پارٹی کی طرف سے دنیا بھر میں شروع کردہ خدمات کا حصہ ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ ’ہندو ہیلپ لائن‘ پورے دنیا میں شروع کی گئی ہے اور اس کا مقصد دنیا بھر میں مقیم ’ہندوں‘ کی بہبودی کو یقینی بنانا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ’وی ایچ پی لیڈر (توگڑیا)یہاں سول سوسائٹی کے اراکین اور دانشوروں کے ساتھ میٹنگ کرکے جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق فیڈ بیک حاصل کریں گے‘۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز