سرحد پار سے دہشت گردی کی مدد کرنے والوں کو وزیر اعظم مودی کی وارننگ ، اپنی سیکورٹی کیلئے سخت ترین قدم اٹھائے گا ہندستان

Jun 26, 2017 04:44 PM IST | Updated on: Jun 26, 2017 04:44 PM IST

واشنگٹن : وزیر اعظم نریندر مودی نے سرحد پار دہشت گردی کی مدد کرنے والوں کو آگاہ کیا کہ ہندستان اپنی خودمختاری اور سیکورٹی کیلئے سخت سے سخت قدم اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کوئی بھی اسے روک نہیں سکتا۔ مسٹر مودی نے ہندستانی وقت کے مطابق کل رات گئے یہاں ہندستانی برادری کے افراد سے خطاب کے دوران سرحد پار دہشت گردوں کے خلاف کی گئی سرجیکل اسٹرائک کا ذکر کرتےہوئے کہاکہ اس سے دنیا کو سمجھ میں آگیا ہے کہ ہندستان صبر رکھتا ہے لیکن ضرورت پڑنے پر اپنی طاقت کا ثبوت بھی دیتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم دنیا کے قوانین سے بندھے ہوئے ہیں کیونکہ ہماری تہذیب ہے ’واسودیو کٹمبکم‘۔ یہ بات ہمارے کردار میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندستان عالمی نظام کی پیروی کرتا ہے اور ہم اسے تہس نہس کرکے اپنا دھندہ جمانے والے ملک نہیں ہیں۔ مسٹر مودی نے کہاکہ ’ہم بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی خودمختاری اور سیکورٹی کیلئے اور عوام الناس کے امن و سکون اور ترقی کیلئے سخت سے سخت قدم اٹھانے کی قوت رکھتے ہیں۔ جب بھی ضرورت پڑی ہے ہم ایسے فیصلے کرتے رہے ہیں، دنیا ہمیں کبھی بھی روک نہیں سکتی‘۔

سرحد پار سے دہشت گردی کی مدد کرنے والوں کو وزیر اعظم مودی کی وارننگ ، اپنی سیکورٹی کیلئے سخت ترین قدم اٹھائے گا ہندستان

انہوں نے کہاکہ سرجیکل اسٹرائک ایک ایسا قدم تھا کہ دنیا چاہتی تو ہمارے بال نوچ دیتی، ہمیں کٹگھرے میں کھڑا کرتی، ہم سے جواب طلب کرتی، ہماری نکتہ چینی ہوتی۔ لیکن پہلی بار کسی نے بھی اس پر ایک بھی سوال نہیں اٹھایا۔  پاکستان کا نام لئے بغیر انہوں نے کہاکہ جنہیں بھگتنا پڑا، ان کی بات دوسری ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز