آسیان اجلاس: شنزو آبے، ٹرنبل اور دیگر سربراہان کے ساتھ مودی کی ملاقات

Nov 14, 2017 05:17 PM IST | Updated on: Nov 14, 2017 05:17 PM IST

منیلا۔  آسیان ، ہند اور مشرقی ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے فلپائن کے دورے پر آنے والے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے اور آسٹریلیا کے وزیر اعظم میکلم ٹرنبل سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات کو نئے طول و عرض دینے پر بات چیت کی۔ مسٹر مودی نے ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ "میں آپ سے مل کر خوش ہوں۔ آج ہم لوگوں کی دوطرفہ بات چیت سے ہندوستان اور آسٹریلیا کے تعلقات کو نئی اونچائیاں ملیں گی"۔  اس سے قبل مسٹر ٹرنبل نے آج صبح ٹویٹر پر پوسٹ میں کہا تھا کہ "آج منیلا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات اقتصادی تعاون، سکیورٹی اور دہشت گردی کے مسائل پر مرکوز ہوگی"۔

جاپان اور آسٹریلیا کے وزراء اعظم کے علاوہ مسٹر مودی نے نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جیسنڈا ارڈرن سے بھی ملاقات کی۔ اس کی اطلاع ٹویٹر پر دیتے ہوئے مسٹر مودی نے لکھا کہ "ہم لوگوں نے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا"۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم نے برونائی کے سلطان حسان البولكيا اور ویتنام کے رہنماؤں سے بھی دو طرفہ ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رويش کمار نے مسٹر مودی اور مسٹر آبے کی تصویر ٹویٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں رہنماؤں نے خاص طور سے اسٹریٹجک اور عالمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی ۔

آسیان اجلاس: شنزو آبے، ٹرنبل اور دیگر سربراہان کے ساتھ  مودی کی ملاقات

وزیر اعظم مودی فلپائن کی راجدھانی منیلا میں آسیان اجلاس میں۔

مسٹر مودی نے مسٹر آبے کے ساتھ ہوئی ملاقات کے بارے میں ٹوئٹر پر لکھا کہ "میرے دوست شنزو آبے اور میرے بیچ اہم مسائل پر گفتگو ہوئی۔ ہم نے ہند- جاپان تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور ہم نے اقتصادی اور باہمی تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا"۔ مسٹر رویش کمار نے ایک دوسرے ٹویٹ میں مسٹر مودی اور برونائی کے سلطان کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ روابط کی توسیع خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری، قابل تجدید توانائی، ثقافت اور باہمی رابطے کو بڑھانے پر بات چیت کی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز