قطر کے وزیرخارجہ پڑوسی ملکوں کے مطالبات کا جواب دینے کویت پہنچے

Jul 03, 2017 08:15 PM IST | Updated on: Jul 03, 2017 08:15 PM IST

دبئی۔ قطر کے وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی اپنےملک کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کے لئے سعودی عرب سمیت چار عرب ملکوں کے 13مطالبات کے سلسلے میں اپنا موقف رکھنے کے لئے آج کویت پہنچے۔ الجزیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات میں بحران کے دور سے گزر رہا قطر ان کے مطالبات کے سلسلے میں کویت کو اپنا جواب سونپےگا۔ پڑوسی ملک سعودی عرب،متحدہ عرب امارات،بحرین اور مصر نے اس پر دہشت گردی کو حمایت دینے ،ان کے اندرونی معاملوں میں دخل اندازی کرنے اور ایران کے ساتھ اس کے تعلقات کے سلسلے میں پانچ جون کو اس کے ساتھ سبھی تعلقات توڑ لئے تھے۔ کویت اس معاملے میں ثالثی کا کردار اداکر رہا ہے۔

پڑوسی ملکوں نے الجزیرہ چینل کو بند کرنے ،ترکی کے فوجی اڈے کو ہٹانے اورایران سے تعلقات کم کرنے سمیت 13مطالبات کو پورا کرنےکےلئے قطر کو 10دن کی مہلت دی تھی۔انہوں نے کل اس مہلت کو 48گھنٹوں کے لئے بڑھا دیا تھا۔ اس سے پہلے مسٹر الثانی نے کل روم میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ملک ابھی بھی بات چیت کرنے اور اپنے پڑوسی ملکوں کے مختلف مسئلوں پر بات چیت کرنے کےلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا،’’حالانکہ ان کے مطالبات کی فہرست قبول کرنے کے قابل نہیں ہے پھر بھی ہم بات چیت میں شامل ہونے کےلئے تیار ہیں، لیکن مناسب حالات میں۔‘‘انہوں نے کہا تھا کہ قطر اپنے یہاں ترکی فوجی اڈے اور الجزیرہ ٹی وی چینل کو بند نہیں کرے گا۔

قطر کے وزیرخارجہ پڑوسی ملکوں کے مطالبات کا جواب دینے کویت پہنچے

محمد بن عبدالرحمٰن الثانی( بائیں)، نے اس سے پہلے مطالبات کی فہرست کو مسترد کر دیا تھا۔ تصویر: الجزیرہ ڈاٹ کام۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز