تعلقات میں کشیدگی کے درمیان قطری شاہی خاندان کے اہم لیڈر شیخ عبداللہ بن جاسم آل ثانی کی شاہ سلمان سے ملاقات

Aug 18, 2017 09:37 PM IST | Updated on: Aug 18, 2017 09:37 PM IST

ریاض : قطر کے حکمراں شاہی خاندان کے ایک اہم رہ نما نے سعودی عرب کے ولی عہد سے ملاقات کے بعد گذشتہ روز خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق قطری شاہی خاندان کے اہم رہ نما الشیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن جاسم آل ثانی نے مراکش کے سیاحتی مقام طنجہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔

خیال رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز ان دنوں تعطیلات گذارنے طنجہ میں موجود ہیں مگر وہ وہاں پر بھی ملکی، علاقائی اور عالمی امور پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔قطری شاہی خاندان کے اہم رکن کی شاہ سلمان سے ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ قبل ازیں انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز آل سعود سے بھی ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے بعد ولی عہد نے شاہ سلمان سے قطر کے عازمین حج کے لیے مفت سہولیات فراہم کرنے کی سفارش کی تھی۔

تعلقات میں کشیدگی کے درمیان قطری شاہی خاندان کے اہم لیڈر شیخ عبداللہ بن جاسم آل ثانی کی شاہ سلمان سے ملاقات

طنجہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قطری حکمراں خاندان کے رہ نما الشیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن جاسم آل ثانی کا استقبال کیا۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں سعودی اور قطری اقوام کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔

خادم الحرمین الشریفین نے یقین دلایا کہ سعودی حکومت قطرہی عازمین حج کو بیت اللہ کی زیارت ، فریضہ حج کی ادائی اور مناسک کی ادائیگی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔اس موقع پر قطری رہ نما الشیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن جاسم آل ثانی نے ولی عہد کی سفارش پر قطری عازمین حج کو مفت حج کرانے کے اعلان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے قطری عازمین حج کے لیے زمینی، فضائی اور بحری راستے کھولنا سعودی حکومت کی بڑے پن کی علامت ہے۔

خیال رہے کہ الشیخ عبداللہ بن علی آل جاسم ان دونوں قطر اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمانہ کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔مبصرین کا خیال ہے کہ سعودی حکومت کی طرف سے قطری خاندان کے رہ نما کا شاندار استقبال اس بات کاغماز ہے کہ سعودی حکومت قطر کے ساتھ بحران حل کرنے میں لچک دکھانے کے لیے تیار ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز