حج اور عمرہ کے لئے آنے والے تمام مسلمانوں کے احترام کو یقینی بنایا جائے گا: سعودی عرب

Mar 21, 2017 12:41 PM IST | Updated on: Mar 21, 2017 12:41 PM IST

ریاض۔ سعودی عرب نے کہا ہے کہ  حج اور عمرہ جیسے  مقدس عبادات کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آنے والے مسلمانوں کے احترام کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کے فرق وامتیاز کو روا نہیں رکھا جائے گا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق گذشتہ روز خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کی ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت تمام عازمین حج کی قطع نظر ان کی شہریت کے خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

میٹنگ کے بعد پریس کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ حجاج کرام اور متعمرین عظام کی خدمت سعودی حکومت کا مذہبی فریضہ ہے۔ سعودی حکومت اور پوری قوم حجاج ومعتمرین کی خادم ہے۔ حج اور عمرے کی غرض سے سعودی عرب آنےوالے تمام اقوام کے مسلمانوں کا بلا تفریق خیر مقدم کیا جائے گا۔ حکومت تمام ممالک سےآئے حجاج کرام کی خدمت ، سہولت اور ان کے راحت وآرام اور تحفظ کے لیے مادی اور بشری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ اس موقع پر کہا گیا ہے کہ رواں سال حج کے موقع پر ایرانی عازمین حج بھی شرکت کریں گے۔ گذشتہ برس ایران نے معاہدہ طے پانے کے باوجود ایرانی عازمین کو حج کے لیے بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔

حج اور عمرہ کے لئے آنے والے تمام مسلمانوں کے احترام کو یقینی بنایا جائے گا: سعودی عرب

ادھر سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ رواں سال موسم حج پر ایرانی حجاج کرام کو شریک کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ سعودی حکومت نے واضح کیا ہے کہ حج ایک مقدس روحانی عبادت ہے۔ حج جیسے مقدس فریضے کو سیاسی رنگ دینا یا اسے انتشار اور افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنا کسی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز